Common frontend top

میرے خلاف ماحول کون بنارہا سب جانتاہوں، مافیا سے آخری حد تک لڑوں گا: عمران خان

اتوار 19 جنوری 2020ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92نیوزرپورٹ )وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے ۔ مالیاتی خسارہ کم ہو چکا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک نوجوان (سوشل میڈیااوریوٹیوب بلاگرز) بھی موجود تھے ۔ معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری اور وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد بھی موجودتھے ۔ ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات، جدید دور میں میڈیا خصوصاً سوشل میڈیا کے کردار و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیااور ڈیجیٹل میڈیا سیکٹر میں نوجوان نسل کیلئے موجود مواقع ، درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا1960 کے بعد پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے صنعتوں کی بحالی کو ترجیح دی۔ اس حکمت عملی سے روز گار کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت ترقی کرے گی۔ نوجوان طبقے کو اس کامیابی کو اجاگر کرنا چاہیے ۔ موجودہ حکومت نے نوجوان طبقے کیلئے آسان اقساط میں کاروبار شروع کرنے کیلئے قرضوں کی فراہمی، ہنر سیکھنے کیلئے ٹریننگ پروگرام متعارف کرایا۔ ہماری حکومت نے غریب عوام کیلئے احساس پروگرام اور پناہ گاہوں کا اجرا کیا۔انہوں نے کہا کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کیلئے آخری حد تک لڑائی جاری رکھوں گا۔پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور پوٹینشل موجود ہے جو ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے موثر انداز میں دنیا کے سامنے لایا جاسکتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے جن سے فائدہ اٹھانا ہم پر منحصر ہے ۔ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی چیلینجز کا سامنا ہے ۔ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور اب بھی اسی ضمن میں کردار ادا کر رہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈیجیٹل میڈیا ابلاغ کے مؤثر ترین ذریعے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔عالمی سطح پر پاکستان کے درست تشخص کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کی حکمت عملی وقت کا تقاضہ ہے ۔ تحریک انصاف اور وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹر کا خواب پورا کرنے کیلئے امن اور خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے ۔کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور شہریت کے قانون میں ترمیم نسل پرستانہ عزائم کی تکمیل کی عملی کوششیں ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے ۔ دنیا کو باور کرایا جائے سلامتی کونسل کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل اقوام عالم کا فریضہ ہے ۔ اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ مسلم امہ کے مابین اتحاد و یگانگت کی افادیت اجاگر کرنے میں بھی ڈیجیٹل میڈیا مؤثر ثابت ہوسکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ملکی میڈیاپربرہم ہوگئے ۔انہوں نے کہامیرے خلاف جو ہو رہاہے مکمل طورپرآگاہ ہوں،میڈیامیں میرے خلاف ماحول کون بنارہاہے سب جانتاہوں،پورے ملک کامافیامیرے خلاف متحدہوچکاہے ۔میری سمت درست ہے راتوں رات کچھ نہیں ہوسکتا،روایتی میڈیاپرانحصارکرتاتوکبھی اقتدارمیں نہ آتا۔نوازشریف لندن میں جہاں قیام پذیرہیں اس جگہ کے ذرائع آمدن نہیں بتاسکے ،شہباز شریف کاکیش بوائے 40ارب بیرون ملک لیکرگیا۔کسی وزیرنے کرپشن کی تواسے رعایت نہیں ملے گی۔سائبرکرائم کیخلاف سخت کارروائی کاسلسلہ جلدشروع ہو گا۔بھارت اندرونی حالات کی وجہ سے آزادکشمیر پر شرارت کرسکتاہے ،پاک فوج کومکمل تیاررہنے کی ہدایت کردی،بھارت کے مس اینڈونچرکی صورت میں سخت جواب دیاجائے گا۔وزیر اعظم نے بلوچستان میں برفباری میں پھنسے تقریبا 100 افراد کو بچانے والے 30 سالہ سلیمان خان کی ہمت اور بے لوث خدمات کی تعریف کی ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا پوری قوم کوسلیمان خان کی بہادری پرفخرہے ۔وزیر اعظم نے 16 جنوری کو شائع ہونے والی ایک خبر بھی شیئر کی جس کے مطابق سلیمان خان نے نہ صرف برف میں پھنسے مسافروں کو بچایا بلکہ کچلاک میں اپنے گھر پر کھانا، پانی اور رہائش بھی فراہم کی۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں