لاہور ؍ فیصل آباد؍ راولپنڈی (وقائع نگار؍نمائندہ خصوصی؍ اے پی پی؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت نواز شریف کا پتہ صاف کرنے پر تلی ہے ، ن لیگ کے 4بڑے رہنما کسی ’’بڑے ‘‘ سے ملے اور کہا کہ نواز شریف نے برا کیا ،ہمارا کیا قصور ہے ،پارٹی کے 4بڑے رہنما نواز شریف کی جگہ لینا چاہتے ہیں،چاروں رہنمائوں سے سب واقف ہیں،ن لیگ کی پہلی صفوں میں بیٹھتے ہیں،جب اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کی سکت نہ ہو اور کسی کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر اپنا قد بڑا کرنا ہو تو پھر یہ سیاست نہیں ہوتی،تینوں پارٹیوں کی آپس میں اتنی بد ا عتمادی ہے کہ ہر پارٹی یہ سوچتی ہے کہ کہیں یہ نہ ہو کہ میں آنکھ جھپکوں تو دوسری پارٹی ڈیل کرلے ۔انہوں نے کہا ملک سے لوٹ مار کر کے بھاگنے والے آج ہمیں معیشت پر لیکچر دے رہے ہیں، نوازشریف لندن کی سب سے مہنگی پراپرٹی میں بیٹھے ہیں، آصف زرداری لندن میں چرچل ہوٹل کا مہنگا ترین اپارٹمنٹ لے کر رہتے ہیں، آج ملک میں مہنگائی کا مسئلہ براہ راست ان سے جڑا ہوا ہے ، الیکشن آنے دیں، میدان بھی سامنے ہوگا، ہم دکھائیں گے کہ الیکشن کیسے لڑتے ہیں، آئندہ پانچ سال بھی عمران خان کی حکومت ہوگی۔ لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا میڈیا میں پرویزخٹک اور حماد اظہرکی بات چیت کو غیر ضروری طور پر اچھالاگیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ و ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے فیصل آباد میں خواتین کالج کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف4 کے ٹولے اپنے ، حمزہ شہباز، نواز شریف اور مریم نواز کیلئے ڈیل مانگ رہے اور لندن جانا چاہتے ہیں لیکن انہیں جتنی ڈیل اور ڈھیل ملنا تھی، مل گئی اور عنقریب شہباز شریف جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے جبکہ نواز شریف کا ویزا بھی جلد مسترد ہونیوالا ہے ۔انہوں نے کہا شہباز شریف کی کوشش ہے کہ اگر ان کو ڈیل مل جائے اور انہیں لندن جانے دیا جائے تو بعد میں شاہد خاقان عباسی ن لیگ کی سیاست سنبھال لیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا اور انہیں جواب دینا ہوگا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 3700 کروڑ روپے کس نے ، کہاں سے ، کیوں اور کیسے جمع کرائے ۔ انہوں نے کہا ہماری جتنی مجبوریاں تھیں ،وہ ختم ہوگئی ہیں، اس لئے اب کوئی نرمی کی توقع نہ کرے ۔ انہوں نے کہا سب سن لیں کہ احتساب ہوگا اور ضرور ہوگا، اسلئے اگر کوئی عمران خان پر یا ان کی ذات یا ان کے اقتدار پر حملہ آور ہوتا ہے تو ہوتا رہے لیکن ان اوچھے ہتھکنڈوں سے اب ان کی جان نہیں بچنے والی۔ انہوں نے کہا لوگ عمران خان پر مہنگائی کا الزام لگاتے ہیں حالانکہ وہ غریب عوام کا سب سے بڑا خیر خواہ ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئی ڈیل نہیں ہورہی،پہلے تو شاید ڈھیل کی بات تھی، اب توڈھیل بھی نہیں ہورہی،شہبازشریف ڈرائونانہیں ،عمران خان کیلئے سہاناخواب ہیں، اپوزیشن کی جانب سے کوئی ٹف ٹائم نظر نہیں آتا، دو نہیں، تین مارچ کرلیں کچھ نہیں ہو گا،منی بجٹ والے دن اپوزیشن کے 13ارکان کم ہوئے ،اگرانکوشوق ہے تو حکومت کے خلاف عدم اعتماد والے دن اپوزیشن کے 26 ارکان کم ہونگے ،اندھی وہیل مچھلیوں کی طرح ان ہائوس تبدیلی کے خواب دیکھ رہے ہیں،کوئی ان ہائوس تبدیلی نہیں آئیگی، فون کالز آنے کی باتیں کرنے والے چھانگا مانگا کی پیداوار ہیں۔انہوں نے کہا اپریل تک حالات بہتر ہوجائیں گے ، اچھا بجٹ دینگے ۔انہوں نے کہا ایک بار پھر کہتا ہوں کہ چاروں شریف ملکی سیاست سے مائنس ہیں۔وزیرداخلہ نے کہا پی ٹی آئی میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں، ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہے گی، افسوس ہے کہ پارٹی کے اندر کی باتیں بھی میڈیا پر آجاتی ہیں۔