اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سپورٹس پالیسی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرِ مملکت اطلاعات فرخ حبیب، چاروں صوبوں کے کھیلوں کے وزرائ، چیئرمین پاکستان سپورٹس بورڈ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیرِ اعلی ٰخیبر پختونخوا نے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا، نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا، ملک میں کھیلوں میں نو جوانوں کی شرکت بڑھنے سے کھیلوں کا معیار بہتر ہو گا ، پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت موجود ہے ،اجلاس کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے ، نیشنل سپورٹس پالیسی، صوبوں سے مشاورت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بڑے شہروں میں ہاکی کی آسٹروٹرف کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اس پر کام مکمل ہے جبکہ واہ کینٹ، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور، مظفر آباد اور گلگت میں اس پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ وزیرِ اعظم نے جاری منصوبوں پر کام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے گریٹر تھل کینال فیز 2 کی تعمیر کے تنازع پر نوٹس لیتے ہوئے کل اجلاس طلب کرلیا ۔