Common frontend top

پنجاب میں فاروڈ بلاک ہے نہ پریشرگروپ،آٹے کا کوئی بحران نہیں:عثمان بزدار

جمعه 24 جنوری 2020ء





لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے نہ ہی پریشر گروپ،پنجاب میں آٹے کا بھی کوئی بحران نہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے واپسی پر بہاولپور اور ڈی جی خان کے دورہ کے موقع پر کیا۔بلوچستان سے واپسی پر وزیراعلیٰ پہلے بہاولپور گئے ۔ انہوں نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بننے والے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر میں زیرعلاج بچوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر علاج بچوں کے لواحقین سے سنٹر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیااور زیرعلاج ایک طالبہ آمنہ کے مزید تعلیم حاصل کرنے کی خواہش پر اس کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ کو بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر بہاولپور کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے سول ہسپتال بہاولپور کو نواب صادق خان عباسی کے نام منسوب کرنے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے بہاولپور کے صحافیوں کیلئے جرنلسٹ کالونی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جلد اقدامات کئے جائیں گے اور صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ ڈیرہ غازی خان گئے اورشہر کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کے انتظامات اور ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا۔عمائدین اور شہریوں کے پاس گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر ہدایات جاری کیں۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سرائیکی اوربلوچی زبان میں گفتگوکی او رشہریوں سے حال احوال دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی کارکن حفیظ خان بزدار کے انتقال پران کے بھائی ممتاز بزدار اور ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کررہے ہیں۔پنجاب حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں اوراتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں۔عوام کی سہولت کے لئے شہروں اورتحصیلوں میں آٹے کے سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھائی گئی ہے ۔جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے 35 فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔جنوبی پنجاب کے فنڈ ز کسی اور علاقے پر خرچ نہیں ہوسکیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ۔قبل ازیں انہوں نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور کھلاڑیوں کو میدان میں ان ایکشن دیکھیں گے اور شائقین کرکٹ ٹی 20 میچوں سے محظوظ ہوں گے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں