اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب کے کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں انہیں باہمی تعلقات کے فروغ کی کاوشوں کے اعتراف پر کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلینٹ کلاس سے نوازا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کے دوران سعودی وزیر دفاع اور سعودی چیف آف جنرل سٹاف بھی موجود تھے جب کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ تربیت، فضائی دفاع، انسداد دہشتگردی، مواصلات، انفارمیشن ڈومین کے شعبوں میں دفاعی تعاون سمیت دوستانہ تعلقات اور پائیدار سٹریٹیجک پارٹنرشپ کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مسلم امہ کے اتحاد کیلئے کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے تاریخی اوربرادرانہ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو برادر ممالک سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعلقات مظبوط بنانے کی کاوشوں کے اعتراف میں کنگ عبدالعزیز میڈل تفویض ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باددی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ سعودی عرب کی سلامتی کو ہم پاکستان کی سلامتی تصور کرتے ہیں۔ چیئرمین پاکستان علماکونسل حافظ محمد طا ہر محمود اشرفی نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کیلئے سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز شاہ عبد العزیز میڈل پوری قوم اور وطن کیلئے اعزاز ہے ۔