کراچی(سٹاف رپورٹر)گیارہویں عام انتخابات میں4 کروڑ 60 لاکھ نوجوانوں کافیصلہ کن انتخابی نتائج میں کردار اہم ہوگا،سوشل میڈیا استعمال کرنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد کا انتخابی نتائج پراثراندازہونے کاامکان ہے ،ووٹرز فہرست میں تقریباَ44 فیصد ووٹرز 35 سال کی عمر تک کے نوجوان ہیں۔عام انتخابات 2018 کے انتخابی نتائج تشکیل دینے میں 4 کروڑ 60 لاکھ نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہوگا ۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد،جس میں اکثریت سوشل میڈیا استعمال کرتی ہے ،وہ آن لائن پروپیگنڈے کے ہتھیار کو استعمال کر کے نہ صرف رائے دہندگان پراثرانداز ہو گی بلکہ اگر نوجوان انتخاب کے دن بڑی تعدادمیں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے نکل پڑے توانتخابی حلقوں کانقشہ تبدیل کردیں گے ۔سرکاری ذرائع سے حاصل کردہ اعداد شمار کے مطابق 18 سے 25 سال کی عمرکے رائے دہندگان کی تعداد ایک کروڑ 74 لاکھ 40 ہزار، 26 سے 35 سال کی عمرکے رائے دہندگان کی تعداد2کروڑ89لاکھ 90 ہزارجبکہ 36 سے 45 سال عمر کے رائے دہندگان کی تعداد2 کروڑ 24 لاکھ 80 ہزار ہے ۔ مذکورہ اعداد وشمارمیں 18 سے 25 سال کے افرادکونوجوان ووٹرز کے طورپردیکھاگیاہے ۔جن میں 25 سال سے کم عمر کے 1 کروڑ 74 لاکھ 40 ہزار ووٹرز میں سے ایک کروڑ ایک لاکھ 30 ہزار رائے دہندگان کا تعلق پنجاب سے ، 31 لاکھ 10 ہزار کاتعلق سندھ سے ،27 لاکھ 70 ہزار کا تعلق پختونخوا سے ،7لاکھ 74 ہزار کا تعلق بلوچستان سے ، 5 لاکھ 58 ہزارکاتعلق وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں اورایک لاکھ 17 ہزار نوجوانوں کاتعلق اسلام آباد سے ہیں جبکہ26سے 35سال کے 2 کروڑ 89 لاکھ 90 ہزارمیں سے ایک کروڑ 60 لاکھ 90 ہزار افراد کا تعلق پنجاب سے ،61 لاکھ 70 ہزار کا تعلق سندھ، 44 لاکھ 90 ہزار کاتعلق پختونخوا، 12 لاکھ 30 ہزار کا تعلق بلوچستان، 77 لاکھ 60 ہزار کا فاٹا اور 20 لاکھ 80 ہزار کا تعلق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہے ۔ اسی طرح 36 سے 45 سال کی عمر کے افرادمیں سے ایک کروڑ 28 لاکھ 30 ہزار افراد کا تعلق پنجاب، 51 لاکھ 30 ہزار افراد کا تعلق سندھ، 30 لاکھ افراد کا تعلق خیبرپختونخوا، 8 لاکھ 84 ہزار افرادکاتعلق بلوچستان، 4 لاکھ 66 ہزار افراد کا تعلق فاٹاجبکہ ایک لاکھ 56 ہزار افراد اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 45 سے 55 سال کی عمر کے 93 لاکھ 80 ہزار افراد کا تعلق پنجاب، 35 لاکھ 30 ہزار افراد کا تعلق سندھ، 21 لاکھ 30 ہزار کا تعلق خیبر پختونخوا، 6 لاکھ 34 ہزار افراد کا تعلق بلوچستان، 3 لاکھ 35 ہزار افراد کا تعلق فاٹا جبکہ ایک لاکھ 19 ہزار افراد اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ 2013 کے انتخابات کے لے مرتب کیے گئے ووٹرز کے اعدادوشمار کے مطابق ان کی کل تعداد 8 کروڑ 61 لاکھ تھی جس میں 25 سال سے کم عمر ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 75 لاکھ، 26 سے 35 سال کی عمر کے 2 کروڑ 42 لاکھ، 36 سے 45 سال کے ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 72 لاکھ، 46 سے 55 سال کی عمر کے ایک کروڑ 20 لاکھ ووٹر، 56 سے 65 سال کی عمر کے 84 لاکھ افراد جبکہ 66 سے زائد عمر کے افراد کی تعداد67 لاکھ افرادتھی۔