لاہور (خصوصی نمائندہ ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت گندم اور گنے کے کاشتکارو ں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی۔وزیراعلیٰ نے نئی امدادی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سے پیداواری لاگت کا تخمینہ لگانے کیلئے جامع سروے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں کاشتکاروں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کسان دوست ہے ۔بعدازاں انہوں نے جوہر ٹاؤن میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے نئے امتحانی مرکزکی عمارت کا افتتاح کیا۔افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے امتحانی مرکز کا معائنہ کیا اور امتحانات دینے والوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سکیورٹی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے امتحانی ہالز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو امتحانی مرکز کی نوتعمیر شدہ عمارت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ امتحانی مرکز 10 کنال اراضی پر قائم کیا گیا ہے ۔ 4 منزلہ نئے امتحانی مرکز کی تعمیر پر تقریباً 36 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اورامتحانی مرکز میں امیدواروں کیلئے 24 امتحانی ہالز بنائے گئے ہیں اورامتحانی ہالز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔ان امتحانی ہالز میں تقریباً 5 ہزار امیدوار بیک وقت امتحان دے سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل انفارمیشن سسٹم کی تنصیب پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سسٹم سے امیدواروں کو معلومات کے حصول میں بہت آسانی ہوگی اوراس طرح کا جدید نظام دیگر محکموں میں بھی ہونا چاہیئے ۔ نئے پاکستان کی بنیاد میرٹ پر ہے اور میرٹ کوہر سطح پر پروموٹ کریں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صحت انصاف کارڈ سکیم کے علماء وآئمہ کرام،خطبا،مؤذن او رمدارس کے طلبہ کواجراء کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے سفارشات طلب کرلی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گزشتہ روز چیئرمین متحدہ علماء بورڈ طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں تمام مکاتب فکر کے نمایاں علما ء کرام کی کا نفرنس منعقد ہوگی،جس سے وزیراعلیٰ خطاب کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ اتحاد بین المسلمین کے لئے علماء سے رابطے بہتر اور موثر بنائے جا رہے ہیں۔