لاہور(محمد نوا ز سنگرا)پنجاب حکومت کی طرف سے چولستان کے اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے 40 ہزار لیٹر پیسٹی سائیڈ سپرے سے فصلوں کو نقصان سے بچایا گیا مگر خطر ناک سورم کا خاتمہ نہ ہوسکا۔بلوچستان اور سندھ کے چولستانی اضلاع میں ٹڈی دل کی بریڈنگ کا انکشاف ہوا ہے ۔بہاولپور،بہاولنگر اور رحیم یار خان کے اضلاع میں ائیر کرافٹ کے ذریعے 40ہزار لیٹر کیڑے مار ادویات کا سپرے کیا گیا۔جس میں سے 15ہزار لیٹر پنجاب حکومت،15ہزار لیٹر وفاقی حکومت اور10ہزار لیٹر مختلف لوکل اور ملٹی نیشنل پیسٹائڈ کمپنیوں نے عطیہ کی۔ٹڈی دل ہزاروں میل سفر کر کے افریقہ،سعودی عرب اور ایران کے راستے پاکستان پہنچا۔تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل فصلوں کے لئے ایک انتہائی خطر ناک کیڑا ہے جو کہ فصل کو ختم کر دیتا ہے ۔جس کے خطر ناک اثرات کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں کاٹن کی فصل پر برے اثرات مرتب ہونے کے خدشات تھے مگر پنجاب حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے اور فصلوں کو محفوظ بنانے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے جس سے فصل کو کسی حد تک مکمل تباہ ہونے سے بچا لیا گیا ،جس کے لئے پنجاب حکومت نے محکمہ زراعت کے زیر نگرانی ایسے تمام علاقے جو کہ ٹڈی دل سے متاثر ہو سکتے تھے ان میں ائیر کرافٹ کے ذریعے 40ہزار لیٹر سپرے کیا جس سے خطر ناک حشرات کا خاتمہ ممکن ہوا۔لیکن دوسری طرف ایسے حشرات جو کہ فصلوں کے لئے مفید ہوتے ہیں دوائی کے اثر سے وہ بھی مر گئے ۔