اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار،صباح نیوز)چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ آنیوالے دنوں میں ملک میں پراپرٹی کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس اسد عمر کی زیر صدارت ہواجس میں سود سے پاک معاشی نظام اور اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے سٹیٹ بینک سے سود سے پاک نظام کیلئے گیم پلان طلب کر لیا۔چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے رقم کا حصول مقصد نہیں، شبر زیدی نے کہا کہ اثاثوں کو ظاہر کرنے کی سکیم کی آخری تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ اب بیرون ملک سے جو بھی 50 لاکھ سے زیادہ رقم پاکستان بھیجے گا ،اس آمدن کے ذرائع پوچھے جاسکیں گے ۔شبر زیدی نے کہا کہ سفید دھن سے پراپرٹی کے خریدار کم ہوجائیں گے ،پراپرٹی کی قیمتیں کم ہو جائیں گی، جب پراپرٹی کی قیمتیں کم ہوں گی تو بیچنے والے بھی کم ہوجائیں گے ۔قبل ازیں فاروق نائیک کی زیر صدارت سینٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے فنانس بل پر بریفنگ دی اور بتایا کہ گزشتہ 40 سال میں 40 ارب ڈالرز کی منی لانڈرنگ ہوئی، قوانین میں سہولت کی وجہ سے پیسہ بیرون ملک منتقل ہوا۔ بہت سے لوگوں نے گھروں میں غیرملکی کرنسی رکھی ہے ، گھروں میں فارن کرنسی کی روک تھام کیلئے فورس بنا رہے ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے نان فائلر کو پراپرٹی خریدنے اور بیچنے کی اجازت دینے کی تجویز منظور کر لی۔کمیٹی نے پراپرٹی کی خریدو فروخت پر ٹیکسوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ، کمیٹی نے وفاقی فنڈسے منافع میں چلنے والے سرکاری اداروں کو رقوم روکنے کی تجویز منظور کرلی ۔ قائمہ کمیٹی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری سروسز پر ٹیکس آرڈیننس 2018 کی تجویز کو منظور کر لیا۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پوسٹل سروسز نے پوسٹ آفس بل 2019 ء اتفاق رائے سے منظور کرلیا ۔