کمپالا(نیٹ نیوز) دنیا بھر میں سب سے زیادہ بچوں کو جنم دینے والی خاتون نے 44ویں بچے کی پیدائش کے بعد اپنا آپریشن کرا لیا تاکہ وہ مزید بچے پیدا نہ کر سکے ۔ یوگنڈا کی رہائشی مریم نباتانزی کے ہاں 13سال کی عمر میں پہلی دفعہ جڑواں بچے پیدا ہوئے ۔انہوں نے چھ مرتبہ جڑواں بچوں کو جنم دیا، چار مرتبہ بیک وقت تین تین بچوں کو جبکہ تین مرتبہ چار بچوں کو بھی جنم دیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریم کی زرخیزی کی وجہ ایک جینیاتی مسئلہ ہے ، مریم کی جانب سے بچوں کی پیدائش روکنے کے مطالبے پر ڈاکٹروں نے منع کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اس سے بہت نقصان ہو سکتا ہے اور وہ مر بھی سکتی ہیں۔تاہم اب 44 بچوں کی پیدائش کے بعد ڈاکٹروں نے مناسب وقت جان کر مریم کا ایک پیچیدہ آپریشن کیا تاکہ وہ حاملہ نہ ہو سکیں۔مریم نے بتایا کہ وہ اکیلی اپنے بچوں کی پرورش کر رہی ہیں، انکے شوہر انہیں چھوڑ کر جا چکے ہیں، اپنے بچوں کی پرورش کیلئے مجھے بہت محنت کرنا پڑتی ہے ، اپنی اولاد کیلئے مجھ سے جو ہو سکا میں کرونگی اور دنیا کی کوئی چیز بھی میرے آڑے نہیں آ سکتی۔