ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان میں گھر گھر اخبار پہنچانے والے 69 سالہ یوشیرو ہیراڈا کا ایک اور نام شنِ جوکو ٹائیگر بھی ہے کیونکہ انہوں نے 24 برس کی عمر سے اپنے چہرے پر ایک ٹائیگر کا پلاسٹک سے بنا ماسک پہنا ہوا ہے ۔ اسی بنا پر اب وہ پورے جاپان میں عام پہچانے جاتے ہیں بلکہ غیرمعمولی شہرت رکھتے ہیں۔ 24 برس کی عمر میں وہ جاپان کے ضلع شِن جوکو کے ایک رنگا رنگ میلے میں گئے اور وہاں ایک دوکان پر انہیں رنگ برنگا ماسک دکھائی دیا جو کسی ٹائیگر کا تھا۔ انہوں نے یہ ماسک خرید کر چہرے پر لگالیا اور عزم کیا کہ وہ زندگی بھراسے چہرے پر سجائے رکھیں گے ۔ عجیب بات یہ ہے کہ انہوں نے اس کے بعد اپنی تعلیم کو بھی خیرباد کہہ دیا اور اخبارات تقسیم کرنے لگے ۔یوشیرو کہتے ہیں کہ انہوں نے میلے سے ایک ہی وقت میں30 ماسک خریدے اور 1972 کے بعد سے ہر روز بلاناغہ ماسک پہننا شروع کیا جسے وہ بہت ضرورت کے وقت ہی اتارتے ہیں۔ وہ اب بھی گھروں میں اخبار ڈالتے ہیں اور انہیں لوگ شنِ جوکو ٹائیگر کے نام سے بلاتے ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ وہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا چاہتے ہیں اور کبھی وہ کہتے ہیں کہ ٹائیگر کا چہرہ لگانا ان کی جبلت میں شامل ہوچکا ہے لیکن وہ باہر نکلتے وقت بھی شوخ رنگ کی ایک وِگ پہنے رکھتے ہیں اور اپنے ساتھ درجنوں نرم کھلونے بھی رکھتے ہیں جن کا مجموعی وزن 10 کلوگرام تک ہوتا ہے ۔ اب بھی ان کے پاس خریدے گئے 30 میں سے 10 ماسک بچے ہیں جو بقول یوشیرو پوری زندگی کے لیے کافی ہوں گے ۔