اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے 48 وفاقی و صوبائی اداروں کے مالی انتظام، گورننس، آپریشنل و کنٹریکٹ مینجمنٹ اور خریداریوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا سراغ لگالیا۔ بورڈ آف ڈ ائریکٹرز، مستقل چیف ایگزیکٹو افسران کی عدم تعیناتی،ایل این جی ٹرمینلز کا کم استعمال،بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں اور کے الیکٹرک سے مطلوبہ پی ٹی وی فیس نہ ملنے سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان کا سامناہے ۔ پی ٹی وی کی جانب سے سپورٹس کے حقوق کے حصول میں عدم شفافیت جبکہ پورٹ چارجز اور ڈیمرج کی ناقابل قبول ادائیگیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے 15مارچ 2021تک مکمل کئے گئے آڈٹ سے متعلق وفاقی کابینہ کو آگاہ کردیا گیا ۔92نیوز کوموصول دستاویزکے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو آرٹیکل170(2)کے تحت وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اداروں کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کا اختیار حاصل ہے ۔ وفاقی و صوبائی اداروں کی تعداد 150ہے جن میں سے 85ادارے وفاقی جبکہ 65صوبائی ادارے شامل ہیں۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے 98وفاقی و صوبائی اداروں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں 57وفاقی اور41صوبائی ادارے شامل تھے ۔15مارچ2021تک 79وفاقی و صوبائی اداروں کا آڈٹ مکمل کیا گیاجن میں 46وفاقی اور33صوبائی ادارے شامل ہیں۔102سرکاری اداروں کی جانب سے مالی سال2019-20کے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی جانب سے 33وفاقی اور 15صوبائی اداروں کا آڈٹ کیا گیا۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ آڈٹ کے اہل اداروں کی وجوہات میں مالی تفصیلات کا قانونی شرائط سے مطابقت نہ رکھنا،ریکارڈ میں ناقابل وصول قرضوں کو قابل وصول قرار دینا،قابل وصول رقم کے تعین اور معینہ مدت کے تعین میں کمزوری،واجبات کو بین الاقوامی اکاؤنٹنگ معیار کے مطابق نہ تسلیم کرنا،بیلنس میں عدم مصالحت،امپیئرمنٹ لاس،تاخیر سے ادائیگی کے سرچارج کو تسلیم نہ کرنا اور ایسٹ اکاؤنٹنگ پر عدم عملدر آمد شامل ہیں۔وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ مالی انتظام میں مالی چارجز میں اضافے کے ساتھ مجموعی نقصان میں اضافے کے رجحان کی نشاندہی کی گئی۔سال2016-20کے دوران زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے زرعی کریڈٹ ادائیگیوں میں کمی کی نشاندہی کی گئی۔رپورٹ میں تجارت میں اضافے اور واجب الادا رقم،مالی طور پر عدم استحکام کے مسائل اور نا قابل فہم سرمایہ کاری کی نشاندہی کی گئی۔رپورٹ میں گورننس اور مینجمنٹ کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے مو قف اختیار کیا گیا کہ سرکاری اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز فعال نہیں ہیں جبکہ آزاد ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو آفسیر کو تعینات نہیں کیا گیا۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی کثرت،ڈائریکٹر کے سلیکشن کے معیار اور فیصلوں کے معیار پر سوالات اٹھائے گئے ۔سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے درمیان آر ایل این جی تنازعہ کے حل میں ناکامی،قانونی معاملات میں طوالت اور پی ایس او کی سٹوریج کی صلاحیت کے معاملات حل نہ کرنے کے مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی۔رپورٹ میں اداروں کی شفافیت کے حوالے سے موقف اختیار کیا گیا کہ اکاؤنٹس کی تیاری میں تاخیر،گیس کنکشن کی فراہمی میں عدم شفافیت،زائد ادائیگیوں اور زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے قرض کے معاملات میں بینک فنڈ کے غلط استعمال کی نشاندہی کی گئی۔آڈیٹر جنرل آف پاکستا ن کی رپورٹ میں دستیاب کارگو سپیس کے عدم استعمال کے باعث پی آئی اے کو ہونے والے نقصان کی نشاندہی کی گئی۔ہوائی جہازوں کی مرمت میں تاخیر کے باعث بھی پی آئی اے کو نقصان برداشت کرنا پڑا۔رپورٹ میں تیل اور گیس کی کمپنیو ں کے مسائل کی جانب بھی نشاندہی کی گئی۔تیل اور گیس کی کمپنیوں میں آف سپیک گیس کی فروخت،سٹوریج سہولیات میں اضافہ نہ کرنے ،پورٹ چارجز کی مد میں زائد ادائیگیوں،ٹرمینل کی صلاحیت کو پوری طرح سے استعمال نہ کرنے سے ہونے والے نقصان اور مستقل یو ایف جی نقصان کے مسائل کی نشاندہی کی گئی۔