راولپنڈی(این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پنجاب میں بڑے نام سمجھتے ہیں وزارت اعلیٰ ان کا حق ہے ، عثمان بزدار اورعمران خان کہیں نہیں جارہے ، صرف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں،دونوں اپنی آئینی مدت پوری کرینگے ،وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ملکی مسائل 2020 تک حل کر دیں گے ،راولپنڈی کے عوام کو مسائل کے حل کیلئے 2021 تک کا وقت دیتا ہوں،جو کرپٹ ہو گا عمران خان کی کیبنٹ میں نہیں ہو گا، ایم کیو ایم کی باتیں جائز ہیں، چوہدری برادران بھائیوں کی طرح ہیں اور دونوں ہی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کھڑی رہیں گی،لئی ایکسپریس راولپنڈی کا واحد حل ، اپنے چار منصوبے مکمل کرکے سیاست چھوڑ دوں گا۔میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے ، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں چوروں اورڈاکوؤں نے ملک کو لوٹا جس کی وجہ سے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا جو ہماری مجبوری تھی۔ایک بار پھر مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی ختم کریں گے ،مہنگائی ماضی کی حکومتوں کی لوٹ کھسوٹ کا نتیجہ ہے ،راولپنڈی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ پریشان نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ایمانداری کی میں قسم کہا سکتاہوں۔ ملک میں سب سے زیادہ زیادتی ووٹرز کے ساتھ ہوتی ہے ، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیاہے اس کو قابو کریں گے ۔ایک سوال پر اْنہوں نے کہاکہ بڑے نام سمجھتے ہیں کہ وزارت اعلیٰ پر اْن کا حق ہے ۔ ملک میں آٹا بحران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کابینہ میں ڈٹ کر مخالفت کی کہ آٹا درآمد نہ کریں، کابینہ میں تجویزدوں گا کہ منتخب لوگوں کی پرائس کنٹرول کمیٹی ہونی چاہیے ۔شیخ رشید نے کہاکہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی کی منظوری ہو گئی ، یہ واحد شہر ہوگا جہاں 4 یونیورسٹیاں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ جو عوام سے وعدے کیے ہیں وہ پورے کرنے جا رہے ہیں،وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے میرا ساتھ دیا۔وزیر ریلوے نے ایک بار پھر تسلیم کیا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں، مانتے ہیں۔ 5 فروری کو عمران خان اور عثمان بزدار لال حویلی میں جلسہ کرینگے ۔شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں 4 ترقیاتی کام کر کے آخری جلسہ کروں گا اور عوام سے اجازت لوں گا۔