Common frontend top

کوئی ادارہ یا فرد واحد عقل کل نہیں،مشاورت ضروری ہے : شاہ محمود قریشی

بدھ 18  ستمبر 2019ء





لاہور(خصوصی رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کے زیراہتمام کل جماعتی کشمیر کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے سیاسی اختلافات کے باوجود ساری قوم کشمیر کے معاملے پر متفق ہے ،بھارت نے کشمیریوں کی حق خودارایت کو دہشتگردی کے ساتھ منسلک کیا،کشمیریوں کے لئے مسئلہ سکیورٹی کونسل میں اٹھنا حوصلہ افزا ہے ،او آئی سی کے فورم کو متحرک کرنا آسان نہیں ،ہیومن رائٹس کونسل میں کشمیر کے اندر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے ،بھارت کی مخالفت کے باوجود یورپی یونین کے اجلاس کے ایجنڈے پر کشمیر کا مسئلہ زیربحث ہے ،19 ستمبر کو وزیراعظم سعودی عرب میں کشمیر کے معاملے پر اہم ملاقاتیں کریں گے ،سعودی عرب میں ملاقاتوں میں کشمیر پر آئندہ لائحہ عمل مرتب کریں گے ۔انہوں نے کہا سیاسی اختلافات ہوتے ہیں ،احتجاج ضرور کریں،پروڈکشن آرڈر مانگنا انکا حق ہے ،اپوزیشن دیکھ لے کہ موقع محل کیا ہے ،ہمیں سیکھنا یہ ہے کہ ترجیحات کیا ہیں،حکومت اکیلے بوجھ نہیں اٹھا سکتی،کشمیر عمران خان کا نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ کا مسئلہ ہے ،اگر کشمیر پر یکجا دکھائی نہ دیئے تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی،کوئی ادارہ یا فرد واحد عقل کل نہیں، مشاورت ضروری ہے ۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کشمیر کا مسئلہ پاکستان کے 20 کروڑ لوگوں کو متحد کرتا ہے ،ہم سب جانتے ہیں کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے ،اگلے چند ہفتوں میں مختلف ممالک کا دورہ کر کے کشمیر کا ایشو دنیا کے سامنے رکھوں گا۔پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز چودھری نے کہاہم نے ہمیشہ امن کی بات کی، جنگ حل نہیں لیکن آج ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ متبادل حل کیا ہے ۔حریت رہنما انجنیئر مشتاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیر کی تحریک صرف کشمیریوں کیلئے نہیں،یہ تحریک ان تمام مظالم اور ستم کے خلاف ہے جسکا شکار آج مسلمان ہیں۔سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا بھارت کی اپنی معیشت کا برا حال ہے لیکن وہ توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کی معیشت کی بات کرتا ہے ، اگر بھارت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو نتائج منفی نکلیں گے ۔سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے کہا ہندوستان کی قیادت کی ذہنیت لوگوں پر عیاں کرنے کی ضرورت نہیں، یہ دنیا جانتی ہے ۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہااگر کشمیر پاکستان کا حصہ بن جاتا ہے تو معاشی مسائل بھی اسی دن حل ہو جائیں گے ۔جنرل علی قلی خان نے کہا ہمارے نام نہاد مسلمان جب ڈر اور خوف کی بات کرتے ہیں تو شرم آتی ہے ۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہمیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے ۔ کانفرنس میں شریک رہنمائوں کی جانب سے کشمیر پر 11نکاتی مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری، باالخصوص حقوق انسانی کی تنظیمات سے اپیل کرتے ہیں کہ مظلوم، دلیر اور غیور کشمیری عوام پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل جاری بربریت کا فی الفورنوٹس لیتے ہوئے کرفیو ہٹانے اور خوراک و ادویات کی بلا تاخیر فراہمی کا بندوبست کیا جائے ۔ کانفرنس اقوام متحدہ کی قرار دادوں، بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادی کے لئے کشمیر میں فوری طور پر استصواب رائے کرانے کا مطالبہ کرتی ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں