لاہور(خصوصی نمائندہ،اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ کورونا کیساتھ ہمیں غربت کے چیلنج کا بھی سامنا ہے کورونا ختم نہیں ہوا،ابھی احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں جبکہ انہوں نے طیارہ حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی رنج وافسوس کااظہار کیاہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عمومی صورتحال،کورونا، ٹڈی دل اور دیگر امور پر حکومت کے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام خود بھی کورونا سے بچیں اور ا پنے پیاروں کو بھی بچائیں۔پابندیوں او ربندشوں میں نرمی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے ۔عید کی خریداری کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے -کورونا ختم نہیں ہوا، احتیاط اور بچاؤ کی تدابیر ناگزیر ہیں ۔عثمان بزدار نے کہاکہ کورونا کے ساتھ ساتھ غربت اور بیروزگاری کے چیلنج کا بھی سامنا کررہے ہیں۔بزرگان دین کے مزارات کھول دئیے گئے ،زائرین سماجی فاصلہ اختیار کریں ۔ اجتماعی بصیرت کے ساتھ کورونا کے چیلنج میں سرخرو ہوں گے ۔ ایسے ترقیاتی منصوبے لا رہے ہیں جن سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کوروزگار ملے ۔مزدور کا چولہا جلانے کے لئے انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے کی اجازت دی۔مشکل اقتصادی حالات کے باوجود مزدور طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے مربوط اور منظم کوششیں جاری ہیں۔ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے پنجاب کے مختلف شہروں کا دورہ کر کے خود جائزہ لے رہا ہوں۔ ملاقات میں صوبائی وزراء یاسمین راشد، اختر ملک، نعمان لنگڑیال، سردار آصف نکئی اوردیگر ارکان اسمبلی بھی شامل تھے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں لاہو ر کے آثار قدیمہ پر باتصویر یادگاری کتاب دی مونو مینٹس آف لاہور ’’The Monuments of Lahore‘‘ کی رونمائی کر دی۔ صوبائی وزیر یوتھ افیئرز،سیاحت،سپورٹس و آرکیالوجی تیمور بھٹی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کتاب پیش کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کالاہور کی یادگار عمارتوں کی تاریخ کو محفوظ بنانے کیلئے کتاب مرتب کرنے پر محکمہ آرکیالوجی کی کاوش کو قابل ستائش قرار دیا۔ڈی جی آرکیالوجی،سیکرٹری اطلاعات اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کراچی میں پی آئی اے کا طیارہ گرنے کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ و رنج کااظہار کیاہے ۔وزیراعلیٰ نے طیارے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اورجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ طیارہ گرنے کے واقعہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہواہے اورہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن کو فوکل پرسن مقرر کردیا۔کمشنر لاہور ڈویڑن ائیر پورٹ انتظامیہ اور سول ایوی ایشن حکام سے قریبی رابطہ رکھیں گے اور اس ضمن میں متعلقہ خاندانوں کی رہنمائی کی جائے گی۔