واشنگٹن (اے ایف پی، رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دیگر ممالک کو بھی ایک دن دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑنا ہو گی، انہوں نے یہ بات افغانستان سے انخلا کے تناظر میں کہی۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران عراق میں داعش کے دوبارہ طاقت پکڑنے کے سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ میری کمانڈ میں فورسز نے دہشت گردوں کی خلافت کا خاتمہ کر دیا ہے ۔ ایک وقت پر روس، افغانستان، ایران، عراق اور ترکی کو بھی اپنی جنگ لڑنا ہو گی۔ ہم نے خلافت کا سو فیصد خاتمہ کر دیا اور میں نے یہ ریکارڈ مدت میں کیا لیکن ایک وقت آئیگا کہ دیگر ممالک کو بھی داعش سے جنگ کرنا ہو گی کیونکہ ہم یہاں مزید 19 سال نہیں رہنا چاہتے ۔ یاد رہے کہ داعش کی مقامی شاخ اسلامک سٹیٹ خراسان پہلی بار 2014 میں افغانستان میں منظر عام پر آئی تھی اور اب ملک کے شمالی علاقوں میں اپنا اثرورسوخ بڑھا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا بھارت بھی یہاں پر ہے لیکن وہ نہیں لڑ رہے بلکہ ہم لڑ رہے ہیں، ہمسائے میں پاکستان ہے وہ لڑ رہے ہیں لیکن بہت کم، امریکہ سات ہزار میل دور ہے ۔ہم نے داعش کے حامی ہزاروں جنگجوؤں کو پکڑ رکھا ہے اور یورپی ممالک کو ان افرادکو واپس لینا ہو گا، اگر یورپ نے ایسا نہ کیا تو ہمارے پاس انہیں ان کے ملکوں میں بھیجنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا۔امریکہ انہیں آئندہ 50 سالوں کیلئے گوانتاناموبے میں بھیجنے اور ان پر پیسے خرچ نہیں کریگا۔