لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بعض شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے حوالے سے خبروں کا سخت نوٹس لے لیا اور فرائض میں غفلت برتنے پر محکمہ خوراک کے 4 افسروں کو عہدوں سے فارغ کردیاگیا جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے 126سیل پوائنٹس قائم کردیئے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بعض شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے حوالے سے خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے ضروری انتظامی اقدامات اٹھانے کاحکم دیا ہے ۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں ہنگامی اجلاس ہوا،جس میں صوبے میں آٹے کی ڈیمانڈ و سپلائی اورقیمتوں کے حوالے سے جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ خوراک میں مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ گندم اورآٹے کی سپلائی اورڈیمانڈکی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے ۔ چکی مالکان کو آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کرنیوالوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اﷲ چوہدری بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر فوڈ، سیکرٹری اطلاعات نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارکے سخت احکامات پر محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 376فلورملوں کیخلاف کارروائی کی اورمجموعی طورپر 9کروڑ 6لاکھ روپے جرمانہ کیا گیاجبکہ 15فلور ملوں کے لائسنس معطل کردیئے گئے ہیں اور180فلور ملوں کا گندم کا کوٹہ معطل کیاگیاہے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ خوراک کے افسروں کیخلاف ایکشن بھی شروع کردیا گیا اور فرائض سے غفلت برتنے اوربے ضابطگیوں میں ملوث محکمہ خوراک کے 4 افسران کوعہدوں سے ہٹا دیا گیاہے ۔ ڈسٹرکٹ فود کنٹرولرگوجرانوالہ روحیل بٹ اورڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سیالکوٹ نصراﷲ خان ندیم کومعطل کردیا گیاہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک فیصل آبادکامران بشیر اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی صغیر احمد کو عہدوں سے ہٹا دیاگیا ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے 126سیل پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں۔لاہورڈویڑن میں 21سیل پوائنٹس پر ٹرکوں کے ذریعے ایکس مل ریٹ پر آٹے کی سپلائی شروع ہے اسی طرح راولپنڈی ڈویڑن میں 55،گوجرانوالہ ڈویڑن میں اوربہاولپور ڈویڑن میں 17جبکہ سیالکوٹ ضلع میں 24سیل پوائنٹس پر ٹرکوں کے ذریعے آٹے کی فراہمی شروع کردی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ عوام کو آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پردستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری اور صنعتکاری کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے صوبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ پنجاب کو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کو عوام کیلئے جلد آپریشنل کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔