لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خوشحالی اور تبدیلی تشہیری پروگراموں سے نہیں ،دیانتدار حکمرانوں سے آتی ہے ، اس حکومت کو پانچ سال پورے کرنے کا موقع دیا گیا تو حکومت ہی رہ جائے گی عوام نہیں ہونگے ۔پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے پناہ گاہیں اور لنگر خانے کھول کر دنیا بھر میں ایٹمی پاکستان کے وقار کو دھبہ لگایا ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا خوشخبریاں دینے والے عالمی مالیاتی اداروں نے ہمیشہ کرپٹ حکمرانوں کو سہارا اور پاکستانی عوام کو دھوکا دیا، گورنر سٹیٹ بنک کہتے ہیں کہ پاکستان کی برآمدات یمن ،افغانستان اور ایتھوپیا سے بھی کم ہیں ، یہ بیان پورا سچ نہیں ، پوراسچ یہ ہے کہ نااہل حکمران پہلے گندم اور چینی برآمد کرکے عوام کو نقصان پہنچاتے رہے اور پھر درآمد کرکے عوام پر بوجھ ڈالا گیا۔گندم 29روپے فی کلو کے حساب سے برآمد کرکے کسانوں کو نقصان پہنچایا گیااور اب 70روپے کلو درآمدکرکے عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹ لی گئی ہے ۔ جماعت اسلامی عوام کو بے حس حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی، حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں پیاروں کو نوازنے کا پروگرام بند کرکے آٹے چینی کے بحرانوں اور مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمہ کی طرف توجہ دو، مہنگائی کے خلاف کراچی سے چترال تک ملک بھر میں جلسے جلوس اور مظاہرے کریں گے ،پہلا جلسہ 23فروری کو منگورہ میں ہوگا، جان سستی اور روٹی مہنگی ہوچکی ہے ، مہنگائی سے تنگ عوام نے حکمرانوں کے عالی شان بنگلوں کا محاصرہ کرلیاتو بچ نکلنے کا موقع نہیں دیں گے ، تبدیلی سرکار کے آنے کے بعد سود میں سو فیصد ، بجلی کی قیمت میں سوفیصد اور گیس میں 224فیصد اضافہ کرکے عوام کا معاشی قتل کیا گیا، جب تک عوام کو اپنی مرضی کے نمائندوں کے انتخاب کا موقع نہیں دیا جاتا کوئی بھی تبدیلی کار آمد ثابت نہیں ہوگی۔