کراچی(سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل اور جی ڈی اے کی قیادت نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ سندھ کا بٹوارہ کسی صورت نہیں ہوگا ، کراچی سندھ کا دارالحکومت ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ان خیالات کا اظہار منگل کی شام گورنر سندھ عمران اسماعیل اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کنگری ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ کی قیادت میں پی ٹی آئی کے ایک وفد نے جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگاراسے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، سندھ کے عوام کو درپیش مسائل اور کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا وزیر اعظم سندھ کی محبت میں این ایف سی ایوارڈ کے علاوہ بھی خطیر رقم خرچ کررہے ہیں ، شہر کی ترقی کیلئے بھی میگا پروجیکٹس آخری مراحل میں ہیں اور نئے منصوبے ڈیزائن کئے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیا ت حاصل ہونگی۔ سندھ کیساتھ زیادتی نہیں ہونے دینگے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کسی کو راضی کرنے نہیں آیا کھانے کی دعوت ملی تھی ویسے بھی یہ میرا اپنا گھر ہے جہاں مجھے ہمیشہ بہت پیار ملتا ہے ۔یہ مہمان نواز لوگ ہیں میرا ان سے دل کا رشتہ ہے ۔ گورنرنے کہا سندھ کی تقسیم حکمران جماعت کے منشور میں نہیں ہے ۔سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ وزیراعظم جلد صوبہ سندھ کے دورہ کیلئے آئیں گے ۔ ڈیڑھ سال کی حکومت سے ستر سال کا حساب نہ مانگیں۔ پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا خواہشات پر رکاوٹ نہیں ہوتی، سندھ کا بٹوارہ کسی صورت نہیں ہوگا ۔ کراچی صوبہ کا دارالحکومت ہے اور رہیگا۔حکومت کو جی ڈی اے کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔ذرائع کے مطابق جی ڈی اے سربراہ پیرپگارا نے سندھ میں سیاسی تبدیلی لانے کیلئے تعاون کا عندیہ دیدیا۔پی ٹی آئی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پیرپگارا نے کہا سندھ کی سیاست ہم سے زیادہ آپ نہیں جانتے ۔سندھ میں سیاسی ماحول بنانے کیلئے ہماری خدمات حاضر ہیں۔ہمیں فنڈز نہیں چاہیے ،پی ٹی آئی ترجیحات اور حکمت عملی کا تعین کرے کہ سیاسی مخالفین کا کسطرح مقابلہ کرناہے ۔پی ٹی آئی قیادت سندھ میں سیاسی کامیابیاں چاہتی ہے تو مربوط منصوبہ بندی کرے ۔گورنرسندھ نے وزیراعظم کاپیغام پہنچایا اور کہا ہمیں سندھ میں سیاسی کامیابی کیلئے آ پ کے روحانی وسیاسی فیض کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم رواں ماہ دورہ کراچی میں آپ سے ون ٹو ون ملاقات کرینگے ۔