لاہور، وزیر آباد (خصوصی نمائندہ،نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ)وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کے ہر ڈویژن میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے خصوصی فیلڈ ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے میں نے 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد رجسٹرڈ مستحقین زکوٰۃ کو رقم فوری طور پر ٹرانسفر کرنے اور باقی ڈیٹا بھی جلد از جلد حاصل کر کے اس کی تصدیق کرنے کی تاکید کی ہے ،عوام کو تنہا چھوڑ کرجانیوالے اب صرف بیان بازی تک محدود ہیں،مشکل کی گھڑی میں اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں،کورونا وائرس کی وبا پر سیاست چمکانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، یہ وقت قوم کو یکجاکرنے کا ہے سیاست چمکانے کا نہیں،آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے ۔ وزیر اعلی پنجاب نے وزیرآباد کے علاقہ سوہدرہ میں مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے زیر انتظام حلیمہ کالج آف ایکسیلینس میں بنائے گئے 550 بستروں پر مشتمل قرنطینہ سنٹراوراوردینہ کے قریب کیڈٹ کالج جہلم میں ایک سو بیس بستروں کے قرنطینہ مراکزکے دورے کئے اوربہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور خصوصا اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد وقار حسین کو شاباش دی۔انہوں نے قرنطینہ سینٹرز کے کنٹرول روم اور مریضوں کیلئے تیارکردہ کمروں کامعائنہ بھی کیا۔اس موقع پراور ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا بیرون ملک سے آئے تمام لوگوں کی سکریننگ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں،بیرون ملک سے آئے لوگوں کے گھروں کی جیو ٹیگنگ ہوگی، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا زندگیوں کو محفوظ بنائے گا، شہریوں کے تعاون سے کورونا کو شکست دیں گے ،کورونا کے خلاف یہ جنگ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے اوراس جنگ میں واحدآپشن صرف جیت ہے ،متاثرہ مریضوں کوہر طرح کا علاج معالجہ مہیا کریں گے ،میں ذاتی طورپر کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے کیے جانیوالے اقدامات اورمریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات کے عمل کی نگرانی کررہا ہوں ، وزیراعظم کی قیادت میں عوام کے تعاون سے کورونا کی وباء پر قابو پانے کیلئے پر عزم ہیں،مستقبل میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام اورمریضوں کے علاج معالجے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرینگے ، دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے شفاف ترین نظام ترتیب دیاہے ۔ انہوں نے کہا لاہور میں موجود تبلیغی جماعت کے 124 افراد جو کورونا کے مشتبہ مریض ہیں کوسوہدرہ قرنطینہ مرکزمیں رکھا جائے اورتمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ قرنطینہ سنٹر وزیرآباد میں ایس او پی کے مطابق ہر کمرے میں ہائی جین کٹس اوردیگر ضروریات کا اہتمام کیاگیا ہے ،مریضوں کیلئے آئسولیشن روم اورڈاکٹروں کیلئے ریسٹ ہاؤس بھی بنائے گئے ہیں۔گجرات میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک ہزار بستروں کا انتظام کرلیا گیا ہے ۔ گوجرانوالہ میں ٹریک ٹریس ٹیسٹ کے ذریعے 11ہزار افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 3933افراد کی سکریننگ کی گئی ہے ، گوجرانوالہ میں سٹریٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے 700افراد کو ان کی رہائشگاہوں پررکھاگیا اور خوراک،ادویات اوردیگر ضروریات زندگی فراہم کی جارہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہائیڈرولک ریسرچ سٹیشن نندی پورگوجرانوالہ کا دورہ کرکے واٹر سیکٹرکے ماڈل پراجیکٹ کامعائنہ کیا،انہیں لاہوررنگ روڈکے سدرن لوپ پراجیکٹ کے حوالے سے دریائے راوی کی ماڈل سٹڈی کے بارے میں بریف کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ملتان روڈ اوررنگ روڈ کے ویسٹرن لوپ کے ہائیڈرولک ماڈل کا جائزہ لیااورلنگر وال بریج پر بنے ہوئے ماڈل پراجیکٹ کا عملی مظاہر ہ دیکھا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واٹر سیکٹر کے ماڈل پراجیکٹس کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔