اسلام آباد،ملتان ، کراچی ، بیجنگ، پیانگ یانگ، لندن، نیویارک( خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) چین میں کرونا وائرس نے مزید 121 افراد کو زندگی سے محروم کردیا، ہلاکتوں کی تعداد 1488ہوگئی ۔ مزید 4 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ، متاثر ین کی مجموعی تعداد65 ہزار سے تجاوز کرگئی۔چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق طبی عملے کے 1716افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 6 کی ہلاکت ہوچکی ہے ۔شمالی کوریا میں نیشنل سکیورٹی ایجنسی کیلئے کام کرنیوالے سرکاری اہلکار کوچین کے دورے سے بے خبررکھنے پرسزا کے طور پر کھیتوں میں کام کیلئے بھیج دیا گیا ۔شمالی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس کے شبہے میں متعدد افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔جنوبی کوریا کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا ہے شمالی کوریا کے شہر سنؤیجو میں کرونا وائرس سے 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ نے کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے چینی اقدام پر مایوسی کا اظہار کر دیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کو وبا کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات میں شفافیت پر تحفظات ہیں۔آسٹریلوی شہریوں کوووہان سے لانے والابحری جہازسڈنی پہنچ گیا۔اے ایف پی کے مطابق روس کے ایک ہسپتال کے قرنطینہ سے فرار ہونیوالی کرونا کی مریضہ الیانا کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔براعظم افریقہ میں پہلا کیس سامنے آ گیا۔مصری وزارت صحت نے بتایا مریض کو ہسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پرکروناوائرس کے خطرے کے پیش نظریکے بعد دیگرے 8 جہازوں کے سینکڑوں مسافروں کو لینڈنگ کے بعد طیاروں میں ہی بند رکھا گیا۔ لاک ڈاؤن کیے جانے والے جہازوں میں ایک اماراتی ایئرلائن کا طیارہ بھی شامل تھا جو کیلیفورنیا سے لندن پہنچا تھا۔برطانیہ کے دو ارکان پارلیمنٹ لیلین گرین ووڈ اور ایلکس سوبل کو کرونا وائرس سے متاثرہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر علیحدہ مقام پر منتقل کر دیا گیا اور ان کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔دونوں نے یو کے بزنس سمٹ میں شرکت کی تھی جس کے بعد ان کی طبیعت ناساز ہو گئی۔بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن ( آئی سی اے او ) نے کہا ہے کرونا وائرس پھیلنے سے دنیا بھر میں ایئرلائنز کے ریونیومیں چار سے پانچ ارب ڈالر کی کمی ہو سکتی ہے ۔ملتان میں کرونا وائرس کے شبہ میں چین سے واپس آنے والے 30 سالہ خرم کو نشتر ہسپتال داخل کرادیا گیاجسے آئیسو لیشن وارڈ منتقل کر کے نمونے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ۔ کرونا کیخلاف راست اقدامات کیلئے پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیرصدارت کرونا وائرس ایمر جنسی کور گروپ کا جائزہ اجلاس ہوا،ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجرجنرل عامراکرام اور پاک فوج کے نمائندے بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں کرونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا پاکستان میں کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔حکومت نے کرونا سے بچائو کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے ۔ اسلام آباد (لیڈی رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ کو چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو مطمئن کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کروناوائرس کے پھیلاؤکے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست کی سماعت کی۔ طلبہ کے والدین نے عدالت میں کہا 24 ممالک نے اپنے شہریوں اور طلبہ کو چین سے نکالا ہے لیکن پاکستان کا کوئی وزیر یا مشیر ابتک چین نہیں گیا، ہمارے بچے کمروں سے باہرنہیں جا سکتے ، انہیں پتہ نہیں کہاں رکھا گیا ہے ، یونیورسٹی نے وطن واپسی کے لیٹر دیدیئے لیکن پاکستانی حکومت بچوں کو واپس نہیں لارہی،وہ مشکل میں ہیں، کیا اپریل تک وہاں پھنسے رہیں گے ، اگران کیساتھ کچھ ہو گیا تو کون ذمہ دارہوگا، بچوں کو چین سے واپس لانے کیلئے حکم دیا جائے ۔دفترخارجہ کے حکام نے کہا ہم میکنزم بنا رہے ہیں ، 620 طلبہ ایک جگہ اور1094 طلبہ ووہان میں ہیں، ہر روز چینی سفیرسے ملاقات کرکے اقدامات اٹھا رہے ہیں، پاکستان میں ابتک 24 ہزارمسافر آچکے لیکن ووہان سے کوئی نہیں آیا۔چیف جسٹس نے کہا یہ بڑی عجیب بات ہے باقی ملک طلبہ کو نکال رہے ہیں، کیا ہم میں اہلیت نہیں؟ پالیسی معالات میں ہم مداخلت نہیں کریں گے ، کم از کم یہ کر سکتے ہیں طلبہ ڈائریکٹ ریاست کیساتھ رابطہ کر سکیں، حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے ۔ 20 کروڑپاکستانی یہاں پرہیں ان کی حفاظت بھی ضروری ہے ، ریاست کہہ رہی ہے بچے ہمارے ہیں ہرلحاظ سے حفاظت کی جائے گی۔عدالت نے وزارت خارجہ کو بچوں کے والدین کو مطمئن کرنے کیلئے فوری میکنزم بنانے اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی سے بچوں کے والدین کی ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے وزارت خارجہ کو ہیلپ لائن کیلئے موبائل فون، ای میل، واٹس ایپ پبلک کرنے سمیت فوری فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دیا۔کیس کی مزید سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔