فیصل آباد،لاہور (خصوصی رپورٹر،92 نیوز، جنرل رپورٹر) فیصل آباد کے مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کا ایک اوراحسن اقدام سامنے آگیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام کورونا پر سب سے بڑے ریسرچ پراجیکٹ کے تحت مدینہ ٹیچنگ ہسپتال میں بھی ریسرچ سنٹر قائم کردیا گیا۔ گزشتہ روز ریسرچ سنٹر کا افتتاح یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کیا، افتتاحی تقریب میں چیئرمین بورڈ آ ف گورنرز دی یونیورسٹی آف فیصل آباد محمد حیدر امین ، یونیورسٹی کے پروریکٹر ڈاکٹر محمد سعید ، ریکٹر ڈاکٹر شوکت پرویز ، ایم ایس مدینہ ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر ماہرین بھی شریک تھے ۔مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس کاوش کو خوب سراہا ، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی طبی ماہرین اور سائنسدان کورونا وائرس پر دن رات ریسرچ میں مشغول ہیں تاکہ اس مرض کا علاج دریافت کرکے اسکا سدباب کیا جاسکے ۔ فیصل آباد میں اس اعلیٰ معیار کے ریسرچ سنٹر کا بننا بڑی خوش آئند بات ہے ، یہ اپنے حصے کا دیا جلا رہے ہیں۔تعلیم اور صحت کے شعبوں میں دی یونیورسٹی آف فیصل آباد ، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور ان سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے پیغام دیا کہ اللہ نے اس وائر س کے ذریعے امتحان میں ڈالا ہے ،ہم نے اس میں پورا اترنا ہے ، اس ریسرچ سنٹر کا قیام سود مند ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کورونا کیخلاف جنگ میں تمام ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرزکے کردار کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپنے فرض کی ادائیگی میں ڈاکٹر یاہیلتھ ورکر اپنی جان کا نذرانہ دیتا ہے تو یقینا اﷲ کے نزدیک اس کوشہید کے برابر درجہ ملے گا۔ یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈآف گورنرز محمد حیدر امین نے ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے کردار اور بالخصوص ڈاکٹر جاوید اکرم کی کوششوں کو سراہا۔ یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی اور مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کے تمام میڈیکل پروفیشنلز کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے حکومتی کوششوں میں شانہ بشانہ ہیں۔ اس وقت پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت ریسرچ کے ذریعے اس وبا کاعلاج ممکن ہے ۔ پروریکٹر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سعید نے کہاکہ ڈاکٹر جاوید اکرم اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتیوں کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹنے کی ہر ممکن کو شش کررہے ہیں۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ان کوششوں میں یونیورسٹی آف فیصل آباد ہر ممکن بھر پور تعاون کریگی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر رانا بشیر احمدنے تقریب کے شرکاکو بتایا کہ ریسرچ سنٹر میں کورونا کے حوالے سے تحقیقی کام شروع کیا جارہاہے ۔مدینہ ٹیچنگ ہسپتال میں پہلے ہی کورونا کے مریضوں کیلئے 150 بیڈز مختص ہیں جبکہ طبی ماہرین کی ٹیم ہر ممکن طریقے سے ان کا علاج کر رہی ہے ۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کورونا وبا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حوصلہ افزائی کے طور پر ڈاکٹرمحمد سعید اور ڈاکٹر رانا بشیر احمد وکو سفید کوٹ بھی پہنا ئے ۔ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عامر علی چوہدری ، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم ملک ، شعبہ میڈیسن کے ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر اکمل شریف و دیگر شعبوں کے ہیڈز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور الائیڈ ہاسپٹل میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے خطاب کے دوران اعلان کیا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیراہتمام اہتمام کورونا پر جاری ریسرچ پراجیکٹ "پروٹیکٹ " کے نتائج اگلے ماہ کے آغاز پر سامنے لائے جائینگے ۔