اسلام آباد (وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت میں 50 روپے اضافے کی منظوری دیتے ہوئے گندم کی امدادی قیمت 1350 روپے فی من مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے گندم کی امدادی قیمت میں 50 روپے من اضافے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت 1350 روپے فی من مقرر کردی گئی، کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ امدادی قیمت میں اضافے سے کسانوں کی مشکلات دور ہوں گی۔ فیصلہ عالمی منڈی میں گندم کی قیمت کے تناظر میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں زرعی اجناس، گندم کے ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی ارکان کو روز مرہ کی اشیا کی قیمتوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف شعبوں کی معاشی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔