اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے 50 ملین روپے تک کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے مارکنگ فیس کی چھوٹ کی منظوری دے دی ۔ترجمان وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن اور ہدایات کے مطابق وزارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کاروبار میں آسانی کیلئے تمام اقدامات کرنے کی خواہاں ہے ۔ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 23 ویں اجلاس میں اس فیصلہ کی منظوری دی گئی۔ فیصلے کے تحت 50 ملین روپے تک کے بزنس ٹرن اوور کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مارکنگ فیس کی ادائیگی میں چھوٹ دی جائے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان کے معیارات اور کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ 1500 سے زائد صنعتوں کی مارکنگ فیس میں کمی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس سے قبل (پی ایس کیو سی اے ) نے 2008 میں اشیائے خورونوش کی مارکنگ فیس 0.05 فیصد اور دوسرے پروڈکٹس کیلئے 0.1 فیصد مقرر کی تھی جس کے نتیجے میں انڈسٹری غیر مطمئن رہی اور اس کی طرف سے بار بار نظر ثانی کی درخواست کی جاتی رہی۔ ترجمان کے مطابق حالیہ اقدام کے نتیجے میں نئے کاروبار کی رجسٹریشن کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی اور معیشت میں واضح بہتری آئے گی۔