اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزارت مذہبی امور کے جاری حج آپریشن کے تحت اب تک 51 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ترجمان مذہبی امور کے مطابق 37 ہزار سرکاری جبکہ 14 ہزار عازمین حج نجی سکیم کے ذریعے مکہ اور مدینہ منورہ پہنچے ۔ ترجمان کے مطابق 12 پروازوں سے مزید 3 ہزار 328 عازمین رات تک مدینہ منورہ پہنچ جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ہزار سے زائد عازمین مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کرکے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں، آج مزید 1 ہزار 783 عازمین 47 بسوں کے ذریعے مکہ روانہ ہونگے ۔ان کا کہنا تھا راستہ بھولنے والے 84 عازمینِ حج کو رہائش گاہ تک پہنچایا گیا، حرم گائیڈز نے 154 عازمین کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی۔انہوں نے کہا کہ 87 پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ، اب تک ہیلپ لائن پر رہنمائی کیلئے 99 اور شکایات کیلئے 61 کالز موصول ہوئیں جبکہ نجی سکیم کا 1 جبکہ سرکاری حج سکیم کے 2 عازمینِ حج کی وفات ہوئی ہے ۔