فوج سی پیک کی حفاظت کیلئے پرعزم، سرمایہ کارحالیہ واقعات سے مایوس نہ ہوں میجرجنرل آصف غفور

اتوار 19 مئی 2019ء





راولپنڈی(این این آئی) پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کی زندہ مثال ہے اور اس منصوبے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان مکمل طور پر پر عزم ہے ۔ چینی میڈیا سے گفتگومیں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سی پیک کی حفاظت کیلئے فوج کی طرف سے اٹھائے جانیوالے سکیورٹی اقدامات کے بارے میں کہا کہ پاک فوج نے سی پیک کی حفاظت ایک ڈویژن فورس بنائی ہے اور دوسری ڈویژن فورس بھی بنائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف بہت مشکل جنگ کا سامنا کرنا پڑا اور اب سکیورٹی صورتحال کنٹرول میں ہے ۔ملک میں سی پیک کے کردار سے متعلق انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اقتصادی خوشحالی پروگرام سے دہشگردی کو ناکامی کا سامنا ہو گا۔ سی پیک کی کامیابی سے زیادہ روزگار اور کاروباری مواقع میسر آئیں گے اور لوگوں کے طرز زندگی میں تبدیلی آئیگی اور دشمن قوتیں ناکام ہونگی۔سی پیک کے کے آغاز سے بلوچستان کی سکیورٹی حالت بہتر ہوئی ہے ۔ اب وہاں بہتر انفراسٹرکچر ہے ، بہت سے چینی منصوبوں پر کام ہو رہاہے اور سکیورٹی، ترقی اور سرمایہ کاری کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ دہشتگردی کے چند واقعات رونما ہوئے ہیں لیکن سرمایہ کارمایوس نہ ہوں۔اب دو سال پہلے والا گوادر نہیں،گوادر مستقبل میں ترقی یافتہ ملکوں کی بندرگاہوں میں شامل ہو گا۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جس میں سرمایہ کاری کی جا سکے اور کاروبار کرنے کیلئے سکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں