اسلام آباد (لیڈی رپورٹر)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ کاسمیٹکس انڈسٹری کو کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ لوگوں کی جلد اور صحت خراب کر کے انکا وقار مجروح کرے ۔ اتوار کے روز ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہاکہ وزارت کی طرف سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق 59 میں سے 56 کاسمیٹکس کمپنیوں کی منصوعات میں مضر صحت اجزاء پائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کی عزت نفس پر ضرب لگا کر اپنا کاروبار چمکانے والی کاسمیٹکس کمپنیوں کو چھوٹ نہیں دی جائے گی کہ وہ اپنی منصوعات میں جلد اور صحت خراب کرنے والے اجزاء استعمال کریں اور انسانیت کی تضحیک کریں ۔