لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے کی آئندہ پانچ سالہ منصوبہ بندی کا باقاعدہ اعلان کیا جا رہا ہے ۔ اس ضمن میں تقریب ایوان وزیر اعلیٰ 90شاہراہ قائد اعظم پر منعقد کی جائے گی۔ پنجاب کی آئندہ5 سالہ گروتھ سٹریٹجی میں گزشتہ دورکی نمائشی پالیسیوں سے پیدا ہونے والے معاشی بحران اور علاقائی عدم مساوات کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کا تعین کیا گیا ہے جن کے تحت آئندہ پانچ سال میں ترقی کی 7فیصد سے زائد شرح کو یقینی بنایا جائے گا۔ مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے متبادل ذرائع اختیار کر کے بجلی کی قیمت اور سود کی شرح میں کمی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا نمائندگان کو بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیبر فورس کی تیاری کے لیے تربیتی دورانیے میں اضافہ اور مقامی و بین الاقوامی منڈیوں کی طلب کے مطابق کورسز کا انتخاب یقینی بنایا جائے گا۔