فیصل آباد(راناافتخارخاں) آئندہ پانچ سال میں ٹیکسٹائل برآمدات کو 50 بلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مشکلات اور حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات اور نئے ٹیکسٹائل پیکج کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ کردی گئی ہے ۔ وزیراعظم کی طرف سے وزارت تجارت اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو اس حوالے سے ٹاسک دیا گیا ہے کہ ٹیکسٹائل برآمدات کو ہرسال 20 فیصد تک بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور اگلے پانچ سالوں میں ٹیکسٹائل برآمدات کو دوگنا کیا جائے ، سال 2018کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 23.222 بلین ڈالرز رہا ہے ۔ جو گذشتہ دو سالوں کے مقابلہ میں زیادہ ہے ۔ تاہم سال 2014 میں برآمدات 25.11 بلین ڈالرز رہیں جو پاکستانی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکسٹائل برآمدات رہیں۔ اگلے سال 2015ء میں برآمدات میں کمی واقع ہوئی اور برآمدات کا حجم 23.67 بلین ڈالرز تک آگیا۔ اس کے بعد پھر اگلے دو سالوں میں مایوس کن حد تک برآمدات میں کمی واقع ہوئی۔ سال 2016ء میں 20.76 بلین ڈالرز اور سال 2017ء میں 20.45 بلین ڈالرز تک نیچے آپہنچی۔ وزیراعظم عمران خان نے اب برآمدات کے حجم میں ہرسال اضافہ کے لئے مربوط پالیسی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے جس کے لئے وزارت تجارت، ٹیکسٹائل انڈسٹری اور وزارت خزانہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر قابل عمل پالیسی تیار کریں گے ۔