لاہور( این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فاروڈرز ایسوی ایشن (پیفا)کے چیئرمین اظہار الحق قمر نے کہا ہے کہ ٹیکسز کی مد میں سالانہ600ارب روپے جمع کرانے کے باوجود ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جارہا ہے ،اپیلیں کرنے اور تجاویز دینے کے باوجود مسائل حل نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے پاکستان بھر میں موجود ممبران میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ا س موقع پر سینئر وائس چیئر مین اصغر ملک ، سابق چیئرمین جمیل احمد اور عہدیداران بھی موجودتھے۔اظہار الحق قمر نے کہا کہ پاکستان میں پالیسی ریٹ اور کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس دنیا بھر سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے ہم انٹر نیشنل مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔اگر حکومت 19ماہ میں ڈلیور نہیں کر سکی تو کم از کم آئندہ کیلئے بہتر منصوبہ بندی تو کر سکتی ہے لیکن اس کے برعکس ہیجان کی کیفیت بر قرار ہے ۔