لاہور،پشاور(کامرس رپورٹر،خبرنگار) آڈیٹر جنرل پاکستان کی ہدایت پر ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے فوری بعد 65فیصد پنشن کی ادائیگی کیلئے نیا سسٹم متعارف کرادیا گیا۔ گزشتہ روز نئے سسٹم کا آغاز کیا گیا،باقی ماندہ 35فیصد پنشن مطلوبہ شرائط پوری کرنے کے بعد دی جائیگی۔ ملازمین پنشن کیلئے کسی بھی بینک میں اکاوئنٹ کھول سکتے ہیں۔ ملازمین کو پنشن کارڈز جاری کیا جائیگا جو اے ٹی ایم کی طرح کام کریگا۔اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب میاں شجاع الدین ذکا ء نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں پنشن کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنشنرز کیلئے انٹیسپیٹر ی پنشن اور پنشن کارڈز کا اجرا وفاقی حکومت کا بڑا اہم کارنامہ ہے جس سے پنشنرز کے مسائل کم ہونگے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریونیو ڈاکٹر تجمل الٰہی نے بھی شرکت کی۔