نوابشاہ، خیرپور( نمائندگان، نیوزایجنسیاں ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کوئی تحریک نہیں چلا رہی ہے ،یہ لانگ مارچ نہیں صرف ٹرین مارچ ہے اور ایک سفر ہے مگر تحریک انصاف کی حکومت اس سے بھی خوفزدہ ہوگئی ہے اور وزیراعظم ہائوس سے چیخیں آنا شروع ہوگئی ہیں لیکن خان صاحب فکر نہ کریں آپکی حکومت نہیں گرائیں گے ۔عمران خان اور نواز شریف کی معاشی پالیسیاں ایک ہی ہیں۔ پیپلزپارٹی کو کمزور کر کے سندھ تک محدود کرایا گیا۔ان خیالات کا اظہارنوابشاہ میں میڈیا سے گفتگو اورکاروان بھٹو کے دوسرے مرحلے کے دوران مختلف ریلوے سٹیشنوں پرعوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا جب حکومت صرف چھ ووٹوں پر بنی ہوئی ہو تو عدم تحفظ کا احساس ہوتا ہے ۔ حکومت سے اتحادی ناراض ہیں ، اگر اتحادیوں کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے تو حکومت نہیں چل سکے گی۔ایک سوال پرانہوں نے کہا عمران خان کی حکومت نیب سے شروع اور نیب پرختم ہوتی ہے ۔ سلیکٹڈ حکومت کونیب ہی چلاتی ہے ۔ سیاستدانوں کے ساتھ سب کا احتساب ہونا چاہیے ۔احتساب پر اعتراض نہیں لیکن احتساب کے نام پر پولیٹیکل انجینئرنگ قبول نہیں۔ مشرف کا نیب قانون ختم کرنا ضروری ہے ۔ فوجی عدالتیں کامیاب نہیں ہوئیں، عدالتی سسٹم مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی کو کمزور کر کے سندھ تک محدود کرایا گیا۔ سیاست میں آنے کے دس سال بعد تک مجھ پر کوئی الزام نہیں لگا لیکن اب میری کردار کشی کی جا رہی ہے ۔ٹرین مارچ دوڑ، پڈعیدن ،شہدادپور،خیرپور سے ہوتے ہوئے رات گئے سکھرپہنچ گیا۔ کارکنوں نے ریلوے سٹیشنوں پرٹرین مارچ کا والہانہ استقبال کیا۔