لاہور(میاں رؤف)وزیر اعلیٰ پنجاب کی دلچسپی کے باوجود صوبہ کے 6شہروں میں سیف سٹی اتھارٹی کو دائرہ کاربڑھانے کیلئے فنڈز جاری نہ ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے راولپنڈی ، ڈیرہ غازی خان، تونسہ،مری، ننکانہ ، چونیاں میں سیف سٹی اتھارٹی کیلئے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان شہرون کے شہری بھی سیف سٹی اتھارٹی کی خدمات سے مستفید ہو سکیں۔ذرائع نے بتایا کہ سیف سٹی اتھارٹی کا کنٹرول اپنے پاس رکھنے کے لئے پنجاب پولیس اور داخلہ کے مابین عرصہ سے جاری دوڑ کے سبب 6 شہروں کے لئے فنڈز جاری نہیں ہو سکے اور صوبہ کی با اختیار بیوروکریسی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے دلچسپی اور ترجیحات کو بھی مدنظر نہیں رکھا۔ذرائع نے بتایا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز رواں مالی سال 2019-20 موجود ہونے کے باوجود ان کو ریلیز نہیں کیا جا سکا ۔ذرائع نے بتایا کہ سیف سٹی اتھارٹی کو فنڈز کے اجراء کے حوالے سے ایک سے زائد اجلاس منعقد ہو چکے مگر اس کے باوجود کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکاجس کے باعث راولپنڈی ، ڈیرہ غازی خان، تونسہ ، مری، ننکانہ ، چونیاں میں سیف سٹی اتھارٹی معاملات آگے نہیں بڑھ سکے ۔ذرائع نے بتایا کہ آئی جی آفس نے اس ضمن میں باضابطہ طور پرنوٹ بھجوانے کی تیاری کر لی ۔