کوئٹہ (این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے واضح کردیا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی جنگ کا حصہ بنے گا اور نہ ہی اپنے قومی مفادات پر سمجھوتہ کرے گا، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے منسلک ہے ، 72سال سے ملک کی جڑوں میں گھسے کرپشن کے گند کو صاف کرنے کے لئے 15مہینے نا کافی ہیں، ہم کرپشن زدہ نظام اور کرپشن سے فائدہ حاصل کرنے والوں کو شکست دیں گے ،وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اوربرفباری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے 5لاکھ ،زخمیوں کے لئے 50ہزار جبکہ متاثر ہ رہائشی املاک کی بحالی کے لئے 50ہزار روپے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے ہمراہ پریس کانفر نس کرتے ہوئے کہی ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا پوری قوت کے ساتھ بلوچستان میں اپنی اتحادی حکومت کے پیچھے کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا جام کمال کی قیادت میں اتحادی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے کردار ادا کر رہی ہے ، صوبے کے گیس کے مسائل حل کرنے کے لئے گیس پریشر کر 10فیصد بڑھا دیا گیا ، ایل پی جی کا کوٹہ 20فیصد بڑھا یا گیا ، پی ایس او نے کیروسین آئل کا کوٹہ 80ہزار لٹر سے بڑھا کر 1لاکھ لٹر کردیا ۔انہوں نے کہا حالیہ بارشوں اور برفباری میں متاثر ہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومتیں ملکر 1.5ارب روپے پی ایس ڈی پی کی شکل میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو مشنری کی مد میں فراہم کرے گی ۔ حکومت بلوچستان کے ترجما ن لیاقت شاہوانی نے کہا تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی اتحادی جماعتیں ہیں۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے مقامی صحافی کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا کو طاقتور ادارہ بنانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں 72سال بعد "قومی میڈیا پالیسی " لارہے ہیں ، پالیسی صرف اشتہارات تک محدود نہیں بلکہ میڈیا کے تمام شعبوں کے حقوق کی ضامن، جذبات، احساسات اور ضروریات کی عکاسی کریگی۔