Common frontend top

لاہور ہائیکورٹ نے اصولوں سے انحراف کیا ملزم کی بیگناہی رائے مختلف ہونے پرختم نہیں کی جاسکتی:سپریم کورٹ

اتوار 19 مئی 2019ء





لاہور،اسلام آباد (خصوصی نمائندہ،غلام نبی یوسف زئی) سپریم کورٹ نے ملزم کی بریت کو کالعدم کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی ملزم کو بری کرنے کے فیصلے کو صرف اسی صورت ختم کیا جا سکتا ہے جب وہ قانون کے منافی اور انصاف کے قتل کے مترادف ہو۔ جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل تین رکنی بنچ نے محمد شفیع نامی ملزم کی عمر قید کی سزا کالعدم کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے کیس میں فیصلہ دیتے ہوئے قانون کے مسلمہ اصولوں سے انحراف کیا ،عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرکے ملزم کی بریت کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا،فیصلہ جسٹس قاضی محمد امین نے تحریر کیا جس میں انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے فیصلے پر سنجیدہ قانونی سوالات اٹھائے اور قرار دیا کہ بری ہونیوالا شخص عدالت کے حکم کی رو سے بیگناہ ہو تا ہے اور اسکی بے گناہی کومحض رائے مختلف ہونے کی وجہ سے ختم نہیں کیا جا سکتا ۔ فیصلے میں کہا گیا کہ کسی کی بے گناہی کو اس وقت ختم کیاجاسکتا ہے جب انہیں قانون کے برخلاف ،انصاف کا قتل کرکے بری کیا گیا ہو،اگر بریت میں قانون کی کوئی خلاف ورزی نہ کی گئی ہو تو بریت کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے ۔سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے جس فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ملزم کی بریت کو برقرار رکھا، اس میں جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے ملزم کو فروری 2016 میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ محمد شفیع کو ٹرائل کورٹ نے قصور میں درج قتل کے مقدمے سے 2002 میں بری کیا تھا۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ کا شفیع کو بری کرنے کا فیصلہ منطقی ہے اور اس میں وجوہات دی گئی ہیں جبکہ دوسری طرف استغاثہ کے کیس کا تجزیہ کیا جائے تو وہ شکوک سے مبرا نہیں۔ محمد شفیع کے وکیل نے کہا کہ انکے موکل کو نہ صرف ٹرائل کورٹ نے بری کیا بلکہ تفتیش کے دوران بھی بے گناہ قرار دیا گیا۔سپریم کورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ یقینی طور پر ایسی کوئی صورتحال نہیں تھی کہ لاہور ہائیکورٹ ٹرائل کورٹ کی جانب سے بری کیے گئے ملزم کوعمر قید کی سزا سناتی جبکہ اس نے خود تین میں سے دو ملزمان کیخلاف استغاثہ کے ثبوت نہ مانے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں