کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ سے 3روز بعد مندی کے بادل چھٹ گئے ۔ جمعرات کو مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا ، جس سے کے ایس ای100انڈیکس 805.25 پوائنٹس اضافے سے 47247.92سے بڑھ کر 48053.17پوائنٹس پر پہنچ گیا۔سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے ٹیلی کام ،پٹرولیم ،بینکنگ ،فوڈز اور دیگر منافع بخش شعبوں کے حصص کی خریداری کے سبب تیزی آئی اور72.72فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔گزشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب11ارب16کروڑ70لاکھ58ہزار717روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 47کروڑ52لاکھ 39ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر429کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔ادھر انٹر بینک میں 50پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 158.80سے بڑھ کر159.30 اور قیمت فروخت158.90 سے بڑھ کر159.40روپے ہو گئی ۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں70پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 159 سے بڑھ کر159.70اور قیمت فروخت159.50 سے بڑھ کر160.20روپے ہو گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں300روپے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ9ہزار700روپے ہو گئی اسی طرح257روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت94ہزار50روپے ہو گئی۔