لاہور(اشرف مجید) لاک ڈاؤن کے دوران بھی حکومت سے کروڑوں روپے سبسڈی کی مد میں حاصل کرنے والی 90فیصد میٹرو بسوں کے اے سی خراب ہونے کا انکشاف ،میٹرو بس سسٹم چلانے والی کمپنی نے اے سی ٹھیک کروانے کی بجائے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کے ساتھ ساز باز کر کے بغیر اے سی میٹرو بسیں چلانے کی اجازت لینے کے لئے کوششیں شروع کر دیں ،محکمہ ٹرانسپورٹ نے محکمہ ہیلتھ کو میٹرو بسیں چلانے کے حوالے سے ایس او پیز میں بھی بغیر اے سی چلانے کی سفارش کر دی ،تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سالانہ اربوں روپے میٹرو بسوں کو چلانے کے لئے سبسڈی کی مد میں دئیے جا چکے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ لاہور ، راولپنڈی اور ملتان میں لاک ڈاون کے دوران کھڑی رہنے والی درجنوں بسوں کے اے سی خراب ہو چکے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں موجود 90فیصد میٹرو بسوں کے اے سی مکمل طور پر جواب دے گئے ہیں اور کمپنی ان بسوں کو ٹھیک کرانے پر راضی نہیں کیونکہ اگلے ماہ ستمبر میں کمپنی کا حکومت کے ساتھ 8سالہ معاہدہ ختم ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق میٹرو بسیں چلانے والی کمپنی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کو صورت حال بارے آگاہ کرنے کے ساتھ تمام بسوں کو بغیر اے سی چلانے کی اجازت لے کر دینے کی پلاننگ کی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک افسر کی جانب سے کمپنی کو اجازت لے کر دینے کی حامی بھی بھر لی گئی اور اسی کے کہنے پر محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بنائی جانے والی ایس او پیز کی سمری محکمہ ہیلتھ کو بھجوائی گئی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے محکمہ کے چند سینئر افسران نے گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں مخالفت بھی کی ہے اور کہا گیا ہے کہ چونکہ حکومت اور متعلقہ کمپنی کا 360روپے فی کلو میٹر کے حساب سے معاہدہ بھی اے سی سہولت دینے پر کیا گیا ہے اور اگر بغیر اے سی بسیں چلانے کی اجازت دے دی گئی تو گرمی اور حبس میں مسافروں کا برا حال ہو گا بلکہ حکومت کی بھی بد نامی ہو گی ،لیکن میٹنگ میں چند افسران نے کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لئے بغیر اے سی بسیں چلانے پر زور دیا اور فیصلہ محکمہ ہیلتھ پر چھوڑ نے کی سفارش کی تا کہ اگر شور بھی مچے تو سارا قصور انکا ظاہر ہو ،اس حوالے سے سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی چوہدری اقبال نے روزنامہ 92سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میٹرو بسوں کے اے سی درست نہیں تو کمپنی ٹھیک کرانے کی ذمہ دار ہے اس حوالے سے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے بات کی جائے گی ،جبکہ میٹرو بس سسٹم چلانے والی کمپنی کے آپریشن مینجر عثمان نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن میں بسیں کھڑی رہی ہیں جسکے باعث انکے اے سی جواب دے گئے ۔