ملتان( رپورٹنگ ٹیم) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے ٹرانسپورٹ و رہنما تحریک انصاف ممبر صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا ہے کہ روزنامہ 92 نیوز نے آج ملتان کے باسیوں اکٹھا کر کے بہترین تفریح فراہم کی۔ انہوں نے کہا جب کوئی کام سچائی ، لگن اور نیک نیتی کے ساتھ سر انجام د یا جائے تو اس کے نتائج بھی مثبت اور شاندار سامنے آتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ 92 نیوز ملتان کے زیر اہتمام ملتان آرٹس کونسل کے اشتراک سے منعقدہ ’’فیملی میوزیکل گالا‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ملتان آرٹس کو نسل کا فیملیز کے ساتھ کھچا کھچ بھرا ہوا یہ ہال اس بات کی غمازی کر رہا ہے کہ روزنامہ 92 نیوز ملتان نہایت کم عرصہ کے دوران عوام وخاص میں یکساں مقبولیت حاصل کر چکا ہے اور آنے والے دنوں میں اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ دکھائی دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی عوامی خدمت کا مشن لیکر اقتدار میں آئی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان کے وژن کے مطابق شہریوں کو صحت اور ایجوکیشن کی سہولیات بہترین انداز میں فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آخر میں انہوں روزنامہ 92 نیوز کی انتظامیہ اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔