لاہور ، کراچی، راولپنڈی، پشاور ( نمائندہ خصوصی، 92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹر، نامہ نگار خصوصی ،خبر نویس) 92 نیوز پر علما ئے کرام کی اپیل پر لاہور، کراچی ملتان،راولپنڈی،فیصل آباد، چنیوٹ سمیت مختلف شہروں میں شہریوں نے اذانیں دیں، فضا اللہ اکبر کی صدائوں سے گونجتی رہی، علمائے کرام نے عوام سے رات دس بجے چھتوں پر چڑھ کر اذانیں دینے کی اپیل کی تھی، مختلف شہروں میں لوگوں نے چھتوں پر جا کر اذان دی۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی فاروق القادری نے کہا جہاں اذان پڑھی جاتی ہے وہاں پریشانی نہیں رہتی ، چیئرمین آل پاکستان علماکونسل طاہر اشرفی نے کہا کہ شہریوں کے سڑکوں پر نکلنے سے عوام اور ملک کیلئے مسائل بنیں گے ، علامہ راغب نعیمی نے کہا آج ہمیں دوبارہ سے اپنے آپ کوعہد نبوی کی طرف لوٹانے کی ضرورت ہے ،نماز پنجگانہ ادا کریں اور استغفار کریں ، مذہبی سکالر مفتی فاروق القادری نے شہریوں سے گھروں کی چھتوں پر اذانیں دینے اور احتیاطی تدابیر کو مذاق نہ سمجھنے کی تلقین کی ،علامہ مولانا محمدمقصوداحمد نے کہا ، لوگ زیادہ تر گھر میں رہتے ہوئے اللہ کو یاد کریں اور عبادت کریں۔ حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے ملک بھر میں موجود اپنے مریدوں اور عقیدت مندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچائو کے لئے فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں اذانیں دینے کا سلسلہ شروع کردیں ، پیر صبغت اللہ شاہ نے کہا یہ ہمارے بزرگوں کا طریقہ رہا ہے ۔جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اورمہتمم جامعہ محمدیہ نوریہ رضویہ بھکھی شریف پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے اپیل کی کہ آسمانی آفات و بلیات خاص طور پر کرونا وائرس کے خاتمے کیلئے اضافی اذانیں دی جائیں ۔ تحریک لبیک یا رسول ؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مہم "فَہُوَ یَشْفِیْنِ" کے سلسلہ میں طویل مشاورت کے بعد ملک کے کونے کونے میں اذانیں دینے کا کہا، خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں رات 10بجے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے 92نیوز کی اپیل پر گھروں کی چھتوں پر اذانیں دیں اور مساجد میں بھی اذانیں دی گئیں،کراچی سمیت سندھ میں فضا اللہ اکبر کی صداؤں سے گونجتی رہی، مولانا بشیرفارقی نے کہاکہ مشکل وقت میں اذان دینا نبی کریم ﷺ کی سنت اور صحابہ کرام کاطریقہ ہے ۔