لاہور(اشرف مجید)محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 9 اضلاع میں فٹنس سرٹیفکیٹ و روٹ پرمٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی ،تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے ایسے تمام اضلاع جہاں پر غیر ملکی کمپنی اوپس کی جانب سے وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سنٹر قائم نہیں ، ان تمام اضلاع کے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ موٹر وہیکل ایگزامینرز کو فوری طور پر کمرشل و پبلک ٹرانسپورٹ کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے ساتھ روٹ پرمٹ کا اجرا بھی شروع کر دیں ، جس پر فوری طور پر سیالکوٹ ،راجن پور ،ملتان ،اوکاڑہ ،فیصل آباد ،بہاولنگر،خوشاب،نارووال اور قصور میں کام بھی شروع کر دیا گیا جبکہ لاہور سمیت 27اضلاع میں فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ جاری نہیں کئے جا سکتے ،ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے غیر ملکی کمپنی اوپس کو دوبارہ مراسلہ جاری کیا گیا کہ فوری طور پر پنجاب بھر میں وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سنٹر ز کو کھول کر کام شروع کریں اس ضمن میں غیر ملکی کمپنی اوپس کے پاکستان کے جنرل مینجر آپریشن محمد قاسم کی جانب سے محکمہ کو آگاہ کیا گیا کہ امریکہ اور سویڈن میں موجود انتظامیہ سے این او سی ملتے ہی جلد فٹنس سینٹرز کھول کر کام شروع کر دیا جائے گا ،ذرائع کے مطابق جن اضلاع میں وکس سینٹرز قائم ہیں ان اضلاع میں تمام فٹنس اور روٹ پرمٹ کا سسٹم آن لائن کیا جا چکا اور جب تک فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کئے جائیں گے اس وقت تک ان اضلاع میں محکمہ ٹرانسپورٹ روٹ پرمٹ بھی جاری نہیں کر سکتا جس کے باعث محکمہ کو مزید مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا جبکہ پہلے ہی گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ کے دوران تین کروڑ سے زائد کا نقصان ہو چکا۔