لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے پلیئرز ڈرافٹ سے قبل کم از کم 3 ٹیموں کے ہیڈ کوچز تبدیل کیے جانے کا امکان ہے ۔ پی ایس ایل 5 آئندہ سال پاکستان میں کھیلی جائیگی جس کیلئے پلیئرز ڈرافٹ دسمبر میں لاہور میں ہوں گے جبکہ ڈرافٹ سے قبل ٹیمیں کوچنگ سٹاف کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔ سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو فارغ کرنے کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے جب کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز بھی نئے کوچز کے ساتھ لیگ میں شرکت کریں گے ، پی ایل ایل 4کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے کوچنگ سٹاف میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔ ڈین جونز کی جگہ مصباح الحق اسلام آباد یونائٹیڈ کے ہیڈ کوچ ہوں گے ، قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس اس سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ نہیں ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق کراچی کنگز بھی مکی آرتھر کو خدا حافظ کہنے پر غور کر رہی ہے جس کے بعد ڈین جونز کو فرنچائز کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب سابق زمبابوین کرکٹر اور انگلینڈ کے سابق ہیڈ کوچ اینڈی فلاور ملتان سلطانز کے سیٹ اپ میں شامل ہوسکتے ہیں۔