لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے PSL-6کے دوران کورونا کیسز بارے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ میں خامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس میں بہتری کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں ۔چیئرمین احسان مانی کی صدارت میں اجلاس ہوا۔جس میں بی او جی نے پاکستان کرکٹ کی شہرہ آفاق شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے متفقہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کے آغاز کی منظوری دے دی ہے ۔ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل چھ اراکین، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ آگے بڑھتے ہوئے ہر سال ( بشمول رواں سال ) مزید تین شخصیات پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کی جائیں گے ۔بی او جی کا آئندہ اجلاس اب جون میں ہوگا۔