لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے متاثر ہو ئی ہے اورزندگی کے ساتھ ساتھ کھیل بھی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، تاہم ہمیں اس مشکل وقت کامقابلہ کرنا ہے جس کے لئے سب کو کوشش کرنا ہوگی، کھلاڑیوں سے رابطہ میں ہیں ، وہ فزیکلی اور ذہنی طور پر فٹ رہنے کے لئے محنت کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔شرجیل خان نے اچھی اننگز کھیلی ہیں تاہم اسے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنا ہے تو اپنی فٹنس بہتر کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار مصبا ح الحق نے گزشتہ روز ٹیلی کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا اچھی بات ہے کہ کھلاڑی اپنے گھروں میں اپنی فزیکل فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں اور ذہنی طور پر بھی مشکل ٹائم سے نکلنے کے لئے تیار ہیں۔ اس دوران کرکٹ مس کریں گے مگر جب گراؤنڈ میں آئیں گے تو بہترفٹنس کے ساتھ جلد ریکور کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل خان نے پی ا یس ایل میں اچھا کھیلا۔ اگر کوئی کھلاڑی 150سٹرائیک ریٹ سے کھیلتا ہے تو اچھا ہے مگر اس کی فٹنس پر تحفظات ہیں۔شرجیل کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی ہے تو فٹنس بہترکرنے کے ساتھ وزن اورفیٹ لیول کم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو سوچنا ہو گا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے سب کوکھیلنے کے برابر مواقع ملیں۔ جان ہے تو جہان ہے ۔کورونا سے زندگی اور کھیلوں کو بھی فرق پڑا ہے ۔ ہم سب کو مقابلہ کرنا ہوگا۔