بلوچستان کے علاقہ شاہرگ میں دھماکہ 11, مزدور جاں بحق،6زخمی
ہرنائی،کوئٹہ،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقہ شاہرگ میں دھماکہ کے نتیجہ میں 11 مزدور جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ واقعہ پر صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزیرداخلہ ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر نے شدیدمذمت کی ہے ۔ تفصیل کے مطابق ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں آئی ای ڈی کا دھماکہ ہوا۔ لیویز کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں کوئلے کی کان میں کام کرنیوالے کان کنوں کی گاڑی آئی۔ دھماکہ کے نتیجہ میں11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ۔ جاں بحق مزدوروں کا تعلق سوات اور دیر سے ہے جبکہ گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ڈپٹی کمشنرہرنائی کا کہنا ہے کہ جاں بحق اورزخمی کان کن مزدورتھے ، لاشیں اورزخمی کو بی ایچ یو شاہرگ منتقل کیاگیا ہے ۔جاں بحق ہونیوالوں میں اقبال حسین ولد محمد ارشاد سکنہ سوات، جاوید ولد بارام گل سکنہ سوات، عمر علی ولد سید محمد سکنہ سوات، دولت مند ولد قدر مند سکنہ سوات، باچاحسین ولد اکبر خان سکنہ سوات، حضرت ولد خان محمد سکنہ دیر، حنیف اﷲ ولد شاہ نسیم خان سکنہ دیر، گل رحمت اﷲ ولد فضل زادہ سکنہ دیر،ایازاﷲ ولد فضل زادہ سکنہ دیراور رحمت شاہد ولد تاج محمد سکنہ دیرشامل ہیں۔صدرمملکت آصف زرداری نے دھماکے کی مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں مزدوروں کی وفات پر اظہارافسوس کیا ہے ۔صدرنے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اوردھماکے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انھوں نے دہشگردی کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی بلوچستان میں مزدوروں کی گاڑی پردھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ درندوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی،‘ ڈپٹی چیئرمین سیدال خان،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیئرمین پیپلزپار ٹی بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کیا ۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہارکیا اور کہا کہ زخمی مزدوروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعلٰیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تحصیل شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پختہ عزم ہے ، بیگناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی صورت معافی کے مستحق نہیں۔ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے ، امن دشمنوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے ۔صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے ، قانون نافذ کرنیوالے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکہ خیز موادسڑک کنارے نصب تھا، زخمی مزدوروں کو شاہرگ ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔