2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

بہتر معاشی پالیسیوں کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے : وزیراعظم

13-12-2024

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں روزگار کے مواقع بھی بڑھے ہیں۔وزیر اعظم آفس کے مطابق اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا جبکہ ملک میں کاروبار کرنے کے لئے ماحول میں بہتری آئی ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے بارے میں عالمی سوچ منفی 10 فیصد سے نکل کر 31 فیصد مثبت پر آگئی ہے ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں، مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے 6 فیصد پر آگئی جبکہ سروسز سیکٹر کی گروتھ 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گئی جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیمنٹ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ، یہ نتائج عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے لئے ایک مثبت پیغام ہے ۔وزیراعظم نے کہا رپورٹ اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک امید افزا اور قابل اعتماد منزل ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنے شروع ہو گئے ہیں۔وزیراعظم نے یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے پر پیغام میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کیلئے عالمی اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ان اقدامات کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا ہم کسی شہری کی سماجی و اقتصادی حیثیت سے قطع نظر، سب کے لئے صحت کی دیکھ بھال کو قابل رسائی بنانے کو اخلاقی طور پر اپنا فرض سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا صحت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہماری قومی سلامتی، خوشحالی اور ترقی پر سمجھوتہ ہوگا ، یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس سے انحراف نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم نے کہا رواں برس یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے کا تھیم صحت: حکومت کی ذمہ داری ہے ، اس امر کو یقینی بناناکہ کسی فرد کو اپنی صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ضروریات جیسے کہ خوراک، رہائش یا تعلیم میں سے کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے ۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف میں وضع کردہ صحت سے متعلق اہداف کے حصول کے لئے پر عزم ہے ، ہم اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ ایسے فریم ورک تیار اور مضبوط کرنے کے لئے تعاون جاری رکھیں گے جو صحت کو بطور بنیادی انسانی حق ترجیح دیتے ہیں۔