خواتین کی زندگیوں میں اثرات چھوڑ نے والے کردار ادا کرنا چاہتی ہوں:نعیمہ بٹ
لاہور (نیٹ نیوز)حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں بولڈ اور خود مختار خاتون ’رباب‘ کا کردار ادا کرنے والی نعیمہ بٹ نے کہا ہے کہ بطور اداکارہ اور سماجی کارکن وہ ہمیشہ ایسے ہی کردار ادا کرنا چاہتی ہیں جن کے خواتین کی زندگیوں پر اثرات مرتب ہوں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے والدین ڈاکٹرز ہیں جب کہ خاندان کے زیادہ افراد بھی ڈاکٹرز ہی ہیں اور والدین کی خواہش تھی کہ وہ بھی ڈاکٹر بنیں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔انہوں نے بتایا کہ جس دن کا ایم بی بی ایس کا ٹیسٹ تھا، اس دن وہ نیند سے ہی نہ اٹھیں اور پھر انہوں نے ڈاکٹر بننے کا ارادہ ترک کرکے میڈیا کی تعلیم حاصل کی اور اداکارہ بننے کا منصوبہ بنایا۔نعیمہ بٹ کے مطابق انہیں مسلسل کام کی پیش کش ہوتی رہی ہے لیکن انہوں نے زیادہ تر کردار ادا کرنے سے انکار کیا، کیوں کہ ان کی نظر میں وہ اچھے کردار نہیں تھے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ صرف اداکارہ نہیں بلکہ سماجی کارکن اور سب سے بڑھ کر وہ پاکستانی خاتون بھی ہیں تو وہ ہمیشہ منفرد کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ان کے مطابق ان کی کوشش رہتی ہے کہ وہ ایسے کردار ادا کریں جو کہ خواتین کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کریں۔