دہشتگردوں کا سر کچلنے کیلئے پوری طاقت سے اقدامات کافیصلہ
کوئٹہ (آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور گزشتہ روز ریلوے سٹیشن کوئٹہ میں مسافروں پر خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ہی پہلا اور آخری آپشن ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں امن کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی اور صوبے کو دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق مشترکہ طور پر ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لئے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کئے جائیں گے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے پولیس ،سی ٹی ڈی، لیویز اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لئے مربوط اقدامات کئے جائیں گے ۔