دہشتگرد عناصر کو ہر قیمت پر شکست دینگے: صدر زرداری
کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں) صدرمملکت آصف زرداری نے بلوچستان میں ترقی اور پائیدار امن پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد عناصر کو ہر قیمت پر شکست دیں گے ، دہشتگرد قوم کو تقسیم کرنا چاہ رہے ہیں۔ کوئٹہ میں صدر مملکت آصف زرداری کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا ۔چیئرمین پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کو ہر قیمت پر شکست دیں گے ، دہشتگرد قوم کو تقسیم کرنا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال واضح ہے ریاست کو رہنا ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے لہذا انسداد دہشتگردی ونگ کو جدید اسلحہ فراہم کریں گے ۔ صدر مملکت نے کہا بلوچستان دل کے قریب ہے ، صوبے کی ترقی اور پائیدار امن چاہتے ہیں، بلوچستان کے ہر بچے کو سکول میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا جدید ٹیکنالوجی سے بچوں کو روشناس کروانا وقت کی ضرورت ہے ۔علاوہ ازیں صدر مملکت سے بلوچستان کی پارلیمانی پارٹیوں کے ارکان نے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا بلوچستان کے لوگوں سے دلی لگائو اور دیرینہ تعلقات ہیں، بحیثیت پاکستانی قومی یکجہتی کے ذریعے وطن عزیز کو آگے لے کر جانا ہے ، ہم سب کو ان کا حق دینا چاہتے ہیں، حقوق چھیننے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ انہیں دے کر عوام کا دل جیتیں گے ، بلوچستان اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا اور ایسے فیصلے کئے جائیں گے جو تاریخ میں سنہرے الفاظ میں یاد رکھے جائیں گے ۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ عید کے بعد بلوچستان میں کیمپ لگائوں گا ۔بعدازاں صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک روزے دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے ۔