دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا گیارہواں کانووکیشن ،1794 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم
فیصل آباد ( 92 نیوز رپورٹ) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے گیارھویں کانووکیشن کاپروقار انعقاد کیا گیا ۔ 1794 کامیاب طلبا و طالبات میں اسنادتقسیم کی گئیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی زیر صدارت کانووکیشن کا انعقاد ڈاکٹر عبدالقدیر خان گراؤنڈمیں ہوا ۔مدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین میاں محمد حنیف، یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین، ممبرا ن بورڈ آف گوررنرز میاں خالد ریاض اور حسن رشید، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک، ریکٹر گرین انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید عامر گیلانی،رجسٹرارڈاکٹر زاہدہ مقبول مختلف شعبوں کے ہیڈز ، فیکلٹی ممبران اور گریجوایٹس کے والدین تقریب میں شریک ہوئے ۔ کانووکیشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا اور اس کے بعد مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے مس عائشہ بتول اور طالبات نے خصوصی نظم پڑھی ،اس موقع یونیورسٹی میں زیر تعلیم فلسطینی طلبہ نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ گورنرز پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں تمام گریجو ایٹس، انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ گریجوایٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آپ کے والدین نے تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آپ کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کیلئے جو قربانیوں دیں آج آپ نے ان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ آپ کا تعلیمی سفر ختم ہوا لیکن آپ پر اصل ذمہ داری اب شروع ہوئی جب آپ عملی زندگی میں قدم رکھنے جار ہے ہیں۔ آپ کا فرض ہے کہ اپنے معاشرے اور وطن کی خدمت کا عہد کریں تاکہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کرسکیں۔ گورنر پنجاب نے خاص طور پر ہیلتھ سائنسز کے گریجوایٹس کو نصیحت کی کہ وہ طب کے شعبہ سے وابستہ ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو اندرونی و بیرونی ہر سطح پر بے شمار چیلنجز درپیش ہیں۔ ہمارے نوجوان بہت با صلاحیت ہیں ملک کا مستقبل انہی کے ہاتھ میں ہے ۔مجھے امید ہے وہ اپنی صلاحیتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وطن کی ترقی و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے ۔ گورنر پنجاب نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مدینہ فاؤنڈیشن کی خدمات کو بیحد سراہا۔ انہوں نے کہ کہ یونیورسٹی آف فیصل آباد میں میرٹ کے ساتھ ساتھ مستحق طلبہ کیلئے بھی خصوصی سکالر شپس دیئے جارہے ہیں۔اعلیٰ معیار تعلیم اپنے بہترین انفراسٹرکچر کی بدولت اس ادارے کا شمار دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ برادر اسلامی ملک فللسطین کے طلبہ بھی یہاں مدینہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام خصوصی سکالرشپ پروگرام کے تحت مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اور یہاں فلسطینی طلبہ کی تعداد پاکستان کی کسی بھی دوسری یونیورسٹی میں زیر تعلیم فلسطینی طلبہ سے زیادہ ہے ۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کو یہ امتیاز حاصل ہے یہاں اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کی دینی و اصلاحی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ یہاں اسلامی سیمینارز و پروگرامز کا باقاعدگی سے انعقا د کیا جاتا ہے جس سے ہماری نوجوان نسل کو دین اسلام کو صحیح معنوں میں سمجھنے کا موقع ملتا ہے اس ضمن میں انہوں نے مدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین میاں محمد حنیف کو بالخصوص خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر میری کوشش ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے موزوں ترین ماحول فراہم کیا جائے خاص طور پر یونیورسٹیوں میں خواتین کی ہراسمنٹ اور منشیات نوشی جیسی برائیوں کی سدبابب کیلئے خصوصی قانون سازی کی جارہی ہے ۔ چیئر مین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گریجوایٹس کی تعلیمی کامیابیوں کو ادارے کے لیے قابل فخر بیان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں سے طلبہ کا اصل امتحان شروع ہو گا جس میں وہ اپنی تمام قابلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے عملی زندگی میں اپنا مقام حاصل کریں گے ۔ انہوں نے ادارے کے بانی حاجی محمد سلیم مرحوم کے نظریات اور فکر کی روشنی میں اس علمی اور تحقیقی سفر کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک اور پروفیسر ڈاکٹر عامر گیلانی نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور گورنر پنجاب کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ میں 17 پی ایچ ڈی گریجوایٹس کے علاوہ یونیورسٹی کے فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، فیکلٹی آف فارما سیوٹیکل سائنسز ، فیکلٹی آف سائنسز، فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ، فیکلٹی آف مینجمنٹ سٹڈیز، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف آرٹس اینڈسوشل سائنسز کے گریجوایٹس شامل ہیں۔اس موقع پر تمام شعبوں کے کامیاب گریجوایٹس سے اپنے شعبہ کے ساتھ مخلص رہنے اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے کا حلف بھی لیا گیا۔ مختلف شعبوں میں پوزیشنز حاصل کرنے والے 20 ہونہار گرایجوایٹس کو سلیم گولڈ میڈلز ، 47 گرایجوایٹس کو مختار سلور میڈلز جبکہ 20 گریجو ایٹس کو امین برونز میڈلز سے نوازا گیا۔ گورنر پنجاب نے ہونہار گریجوایٹس میں میڈلز و اسناد تقسیم کیں ۔کانووکیشن کے اختتام پر والدین کی جانب سے جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے جو اپنے بچوں کی کامیابی پر خوشی سے نہال تھے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں 20سال اور 10 سال سے خدمات سرانجام دینے والے فیکلٹی ممبران و سٹاف کو بھی خصوصی ایوارڈز دیئے گئے ۔