رمضان کا آغاز: ملک بھر کی مساجد نمازیوں سے بھر گئیں
لاہور(نمائندہ خصوصی سے )رمضان المبارک 1446 ء چاند نظر آنے کے بعد لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد نمازیوں سے بھر گئیں ،لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں پہلے روزے کی نماز تراویح کا اہتمام کیاگیا ، فرزندان اسلام کی جو ق در جوق آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ اوقاف پنجاب و مذہبی امور کے زیر انتظام لاہور میں جامع مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد، مسجد وزیر خان و دیگرسمیت صوبہ بھر کی 437وقف مساجد میں نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا ۔سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو نماز تراویح کے معاملات کی براہ راست نگرانی کی۔سیکرٹری اوقاف کی جانب سے پنجاب بھر میں تعینات زونل ایڈمنسٹریٹرز اور منیجرز کو متعلقہ ڈویژن اور اضلاع میں نماز تراویح کے اجتماعات کو منظم اور بہتر بنائے رکھنے کی غرض سے ہدایات جاری کی گئی تھیں۔جامع مسجد داتا دربار میں پہلی دس تراویح نائب خطیب مفتی محمد فیصل جماعتی ، جبکہ آخری دس نماز تراویح کی امامت خطیب مفتی محمد رمضان سیالوی نے ادا کروائی۔نماز تراویح کے شرکاء کو ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کی غرض سے منیجرز داتا دربارطاہر مقصود، اور زاہد انور بٹ متحرک دکھائی دئیے ، جبکہ نمازیوں و زائرین کے جان و مال کی حفاظت و سیکورٹی انتظامات کو بہتر بنائے رکھنے کی غرض سے ڈی ایس پی سیکورٹی داتا دربار محمد سعید کی سربراہی میں ایک سے زائد ٹیمیں کام کر تی رہیں۔جامع مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد میں نماز تراویح ادا کرنے کی غرض سے لاہور سمیت دیگر شہروں سے بھی زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب جامع مسجد داتا دربار میں ایڈمنسٹریٹر شیخ جمیل احمد اور بادشاہی مسجد لاہور میں آنے والوں کو سہولیات کی فراہمی کی غرض سے چیئر مین مرکزی زرویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے براہ راست معاملات کو مانیٹر کیا۔